نیشنل کانفرنس اپنے اصولوں پر قائم

 سرینگر//نیشنل کانفرنس حلقہ انتخاب کولگام کے عہدیداروں اور کارکنوں کا ایک غیر معمولی اجلاس سنیچر کوٹائون ہال کولگام میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت انچارج کانسچونسی عمران نبی ڈار (ریاستی ترجمان) نے کی جبکہ ضلع صدر کولگام ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی مہمانِ خصوصی تھے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی مسائل و مشکلات، حلقہ انتخاب کولگام کی پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کے علاوہ تعمیر و ترقی کے فقدان معاملات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران نبی نے کہا کہ حکومت نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور زمینی سطح پر حکومت کی طرف سے عوام کی راحت رسانی کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تمام تعمیراتی کام ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں، سڑکیں ہر جگہ خستہ حالی کی صورت اختیار کر چکی ہیں ، بجلی اور پینے کے پانی کی قلت سے لوگ پریشانِ حال ہیں نیز زمینی سطح پر انتظامیہ نام کی کوئی چیز نہیں اور لوگوں کو حالت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ حکومت عوام پر بجلی اور پانی کی فیس میں بے تحاشہ اضافہ کرکے لوگوں کو مزید بوجھ تلے دبا رہی ہے۔ ڈار نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اپنے اصولوں پر چٹان کی طرح قائم ہے اور جموںوکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور وحدت کیلئے برسرجدوجہد ہے۔ ہماری جماعت جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کی جدوجہد میں کسی بھی صورت میں پیچھے نہیں ہٹ سکتی ہے۔ عمران نبی نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے مسائل و مشکلات کو ہرسطح پر اُجاگر کریں۔ اور ساتھ ہی اس بات پر زور دیا کہ وہ سازشی عناصر سے ہوشیا رہے کیونکہ صرف نیشنل کانفرنس ہی دشمنوں کے نشانے پر ہے کیونکہ یہی جماعت یہاں کے عوام کی حقیقی نمائندہ ہے۔اجلاس میں کولگام کے ٹائون ائریا کمیٹی کے چیئرمین منیر احمد، ڈپٹی چیئرمین صریر احمد اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔