نیشنل کانفرنس اور جمعیت ہمدانیہ کا خواجہ ثناء اللہ کو برسی پر خراج عقیدت

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاست کے معروف اور کہنہ مشق صحافی مرحوم خواجہ ثنا اللہ بٹ کی 11ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف صحافتی میدان میں خداداد صلاحیتوں سے مالا مال تھے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے روزنامہ آفتاب کے ذریعے کشمیری عوام کے مشکلات اور مسائل اُجاگر کرنے میں جو رول ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ خواجہ ثناء اللہ نے ہندوستان اور پاکستان کی دوستی کو مضبوط بنانے اور کشمیری عوام خاصکر سرحدی علاقوں کے مسلمانوں کے مسائل کو اُجاگر کرنے میں سبقت لی۔درایں اثنا پارٹی کے سینئر لیڈران محمد شفیع اوڑی، مبارک گل، عبدالرحیم راتھر، میاں الطاف احمد، شریف الدین شارق ،شمیمہ فردوس ،پیر آفاق احمد ، تنویر صادق اور ترجما ن عمران نبی ڈارنے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خواجہ ثناء اللہ بٹ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کے میدان میں مرحوم نے جو کارنامے انجام دیئے اُن کو فراموش کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم نے پُر آشوب اور ناگفتہ بہ دور میں بھی صحافت کو نہایت جرات مندانہ اور بے خوف طریقے سے جاری رکھا۔