نیشنل ڈیفنس کالج کے فیکلٹی اور کورس ممبران گورنر سے ملاقی

جموں//نیشنل ڈیفنس کالج کے فیکلٹی اور کورس ممبران کے ایک وفد نے ٹور کاڈی نیٹر بنیتادیوی کی قیادت میں یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ یہ گروپ ریاست کے تعلیمی دورے پر ہے۔گورنر نے کشمیر معاملے اور لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے اِنتظامیہ کی طرف سے زیرِعمل اقدامات ، سرمایہ کاری کے ماحول ، سیاحتی گنجائشوں ، تعلیمی منظرنامے اور جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں گروپ ممبران سے اپنے خیالات بانٹیں۔گورنر نے ریاست کے نوجوانوں کی مشکلات کے ازالے اور اُنہیں کھیل کود ، آرٹ اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت بھی اُجاگر کی۔ اُنہوں نے سماج کے ہرطبقے خاص کر نوجوان نسل کواپنے مسائل اور ضروریا ت کے بارے میں بات کرنے کے لئے حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا۔گورنر نے افسران کو جھیل ڈل اور جھیل ولر کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کے بارے میںجانکاری دیتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ریاست سیاحوں کو ریاست آکر یہاں کی خوبصورتی ، فن و تمدن اور مہمان نوازی سے محظوظ ہونا چاہیئے۔افسران نے ان کے اِستقبال کے لئے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف اہم امور پر اپنے خیالات پیش کئے۔ اُنہوں نے مستقبل میں بھی ریاست کے دورے پر آنے کی خواہش ظاہر کی۔