نہتے شہری کی ہلاکت پر سیاسی ،مذہبی اور تاجر انجمن کا شدید ردعمل

 سرینگر// حریت (ع)، نیشنل فرنٹ،دختران ملت،لبریشن فرنٹ ( آر )، پیپلز لیگ،انجمن شرعی شیعیان،مسلم لیگ،امت اسلامی،ماس مومنٹ ، سالویشن مومنٹ ،ووئس آف وکٹمزاور اسلامک پولیٹکل پارٹی نے نورباغ کے نوجوان کی ہلاکت کو بہیمانہ قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج اور دیگر فورسزاہلکاروں کو افسپا جیسے قوانین کے تحت قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ حریت (ع)نے محمد سلیم ملک اور دیگر جاں بحق ہوئے افراد کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی حق و انصاف پر مبنی رواں جدوجہد آزادی کو ظلم و جبر اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کرکے اسے کمزور کرنے کی ہر سطح پر کوششیں جاری ہیںتاہم قیادت اور عوام خون سے سینچی ہوئی اس تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ حکومت کا یہ دعویٰ کس قدر مضحکہ خیز ہے کہ کشمیر میں جمہوریت کوزمینی سطح پر مستحکم کیا جارہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کیا یہی بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ ہے جہاں نہتے عوام کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے ،جہاں پندرھویں بار اور لگاتار دوسرے جمعہ کو بھی کشمیریوں کی سب سے بڑی عبادتگاہ جامع مسجد سرینگر کو مکمل طور پر سیل کرکے طاقت کے بل پر مسلمانان کشمیر کو نماز جمعہ جیسے مذہبی فریضہ کی ادائیگی سے روکا گیا ہے ۔بیان میں شہر سرینگر سمیت کشمیر کے متعدد علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ کرفیو، لوگوں کے نقل و حمل پر پابندی اور حریت چیئرمین میرواعظ محمد عمرفاروق کو مسلسل دوسرے جمعہ کو بھی گھر میں نظر بند رکھ کر موصوف کو نماز جمعہ اور منصبی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے بھی روکنے کی کارروائیاں انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں ۔بیان میں حکمرانوں کی ان پالیسیوں کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ آخر ظلم و استبداد کی کارروائیوں سے کب تک یہاں کے عوام کے بنیادی انسانی ، مذہبی اور سیاسی حقوق کو پامال کیا جاتا رہے گااور دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہے گی۔اس دوران حریت ترجمان نے میرواعظ عمر فاروق اور بزرگ رہنما سید علی شاہ گیلانی کی خانہ نظر بندی اور محمد یاسین ملک کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔نیشنل فرنٹ نے محمد سلیم ملک کے بے دردانہ قتل کو وردی پوش اہلکاروں کی غنڈہ گردی کی تازہ مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اہلکاروں کو افسپا جیسے قوانین کے تحت ناپرسانی کے ساتھ ساتھ نئی دلی کی آشیرواد حاصل ہے۔نیشنل فرنٹ ترجمان نے کہا کہ تلاشی آپریشنوں سے کشمیر کے اطراف و اکناف میں اودھم مچ گئی ہے اور ان فوجی آپریشنوں کے نتیجے میں ہی عام شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی تازہ مثال نور باغ سرینگر میںسلیم ملک کی ہلاکت ہے۔دختران ملت نے کہا ہے کہ فوج کشمیر میں قتل عام کر رہی ہے اور انہیں بھارتی حکمرانوں کا آشیر واد حاصل ہے۔تنظیم کی ترجمان رفعت فاطمہ نے کہا کہ یہ قتل و غارتگری صرف اس وجہ سے ہورہی ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر پولیس ،سی آر پی ایف ' آرمی اور فوج کو کشمیری نوجوانوں کو قتل عام کی چھوٹ دے دی ہے۔رفعت نے پانزن بڈگام اور ڈورومیںجاںبحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔لبریشن فرنٹ ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ،ایڈوکیٹ ایوب راٹھور اور جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے ایک بیان میں نورباغ ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقع میںپولیس بیان کی تردید کی ہے۔بیان میں پانزن بڈگام اور ڈورو اسلام آباد میںجاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔پیپلز لیگ کے چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا نے محمد سلیم ملک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلاشی کارروائیوں کے نام پر جس خونی کھیل کا آغاز کیا گیا ہے اُس کیلئے فورسز کو افسپا جیسے قوانین کے تحت قتل عام کی کھلی چھوٹ ہے۔پیپلز لیگ کے ایک اور دھڑے کے چیئر مین شیخ محمد یعقوب نے نورباغ سرینگر میں فورسز کے ہا تھوں ایک عام شہر ی کی ہلاکت پر زبردست افسوس اور رنج وغم کا اظہار کر تے ہو ئے کہا کہ بھارت نے فورسز کو کھلی چھوٹ دیکر عام شہریوں کا قتل عام جاری رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی ہلاکتوں سے یہ ثابت ہو تا ہے کہ بھارت نے جموں کشمیر پر اپنا قبضہ بر قرار رکھنے کیلئے انسانوں کا خون کتنا سستا سمجھ رکھا ہے ۔انہوں نے پا نزن چاڈورہ ،اسلام آ باد اور تجر شریف میں جا ں بحق ہو ئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کر تے ہو ئے کہا کہ ان نو جوانوں کا خون ایک دن ضرور رنگ لا ئے گا ۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن نے اس دلخراش سانحہ کو فورسز کے خونین عزائم کی ایک اور کڑی قرار دیا۔ آغا حسن نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی بھارت کی دیرینہ سرکاری پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 28 برس سے شہری ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور فورسز کو ایسے سیاہ کارنامے انجام دینے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ شہری ہلاکتوں کا یہ سلسلہ رکنے کا نام نہیں لیتا۔ انہوں نے کہا کہ آج تک ایسے سانحات میں ملوث کسی بھی اہلکار کو قرار واقعی سرزنش کے مرحلے سے نہیں گزرنا پڑا، نتیجہ کے طور پر ایسے واقعات میں کمی رونما ہونے کے بجائے اضافہ ہی ہورہا ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ کشمیری قوم بھارتی مظالم کے آگے سرنگوں ہوکر اپنے پیدائشی حقوق کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہونگے۔مسلم لیگ نے چاڈورہ اور ڈورو میں جاں بحق ہوئے تین عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بیان کے مطابق لیگ جنرل سیکریٹری محمد رفیق گنائی کی قیادت میں سجاد ایوبی، فیاض احمد، منظور للہاری،اعجاز احمد خان اور منظور احمد خان پر مشتمل وفد نے ڈورو اسلام آباد اور ستھر کاکہ پورہ جاکر غمزدہ کنبوں سے تعزیت کی ۔ ترجمان کے مطابق اس موقعہ پر تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے محمد رفیق گنائی نے کہا کہ قوم ان عظیم جوانوں کی مرہون منت ہے جنھوں نے عیش و عشرت کی زندگی کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر اپنے مظلوم  بھائیوں اور بہنوں کی آرزؤں اور امنگوں کو حقیقت کا روپ دینے کی خاطر اپنی جانیں نچھاور کیں۔ امت اسلامی کے ایک وفد نے ویری ناگ جاکر گذشتہ روز جاں بحق ہوئے جنگجو آصف احمدکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انکے افراد خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔وفد اعجاز احمد ہاشمی اور جنرل سیکریٹری وحید احمد خان پر مشتمل تھا۔اعجاز ہاشمی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ آصف نے اپنی جوانی کشمیر کی آزادی کے لئے قربان کر دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانان کشمیر نے اپنے خون سے کشمیر کی تحریک کو مضبوط کردیا ہے اور آج بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹ رہے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے الیکشن کابائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا خالی مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔ماس مومنٹ نے شہری ہلاکت کو انتہا پسندی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ معصوموں کو نشانہ بنانا روز کا معمول بن گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے محمد سلیم ملک کو گولیوں کا نشانہ بنانے پر اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے کا چسکافوج اور فورسز کو لگ چکا ہے اور اب انہیں انسانیت کی قبا چاک کرنے میں کوئی بھی عار یا شرم محسوس نہیں ہو رہی ہے۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے وادی کشمیر کے اطراف و اکناف میں تازہ گرفتاریوں، کریک ڈائون اور چھاپوں کے دوران عام شہریوں کو خوفزدہ کرنے اور شہری ہلاکتوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی پر زور مذمت کی ہے۔ظفر اکبرنے کہا کہ ایک طرف ہمارے نونہالوں کو فورسز اپنی گولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں اور دوسری طرف ہماری سیاسی سرگرمیوں کو گھروں کی چاردیواری تک محدود کیا گیا ہے جوکہ انتہائی درد ناک و تکلیف دہ ہے۔انہوں نے چاڈورہ، ڈورو اسلام آباد معرکے میں جاں بحق ہوئے تین نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ووئس آف وکٹمز (وی او وی)کے کوارڈی نیٹرعبدالرئوف خان نے نہتے نوجوان کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں افسپا جیسے قانون کی آڑ میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے اور فورسز کو جوابدہی کی کوئی پریشانی ہی نہیں ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں انسانی خون بہائے جانے کے سلسلے کا سنجیدہ نوٹس لیکر اس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔  اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے محمد سلیم ملک کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بہیمانہ کاروائیاں بھارت کی پالیسی ساز اداروں کے لئے ایک معمول کی کارستانی ہے۔انہوںنے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ میں زخمی ہوئے جوانوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا کی۔
 

 منصوبہ بند قتل :جماعت اسلامی/اسرائیلی طرز عمل:جمعیت ہمدانیہ

سرینگر//جماعت اسلامی نے نہتے شہری کی ہلاکت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مقامی اور بین الاقوامی حقوق انسانی کی انجمنوں پر زور دیا  ہے کہ وہ یہاںجاری ریاستی دہشت گردی کا سنجیدہ نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف کڑی کارروائی کا آغاز کریں۔موصولہ بیان میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی میں اب تک لاکھوں افراد جاں بحق کئے گئے ہیں جن میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔بیان کے مطابق نورباغ کے معصوم نوجوان محمد سلیم ملک پرگولیوں کی بوچھاڑ کرکے انہیں ابدی نیند سلادینا ایک منصوبہ بند قتل ہے اور موصوف کے قتل میں وہی لوگ ملوث ہیں جو قانونی طور پر انسانی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے مکلف ہیں مگر ریاست جموں وکشمیرمیں ان بے لگام فورسز اہلکاروں نے اب تک سیاہ قوانین کی آڑ میں متعدد افراد کو ابدی نیند سلادیا۔جماعت اسلامی نے محمد سلیم ملک اور اْن تمام خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے جو بغیر کسی جرم کے ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بن گئے۔جماعت اسلامی نے محمد سلیم ملک کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ نیز جماعت نے اْن تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے اپنی عزیز جانیں ایک منصفانہ کاز کے لیے نچھاور کیں۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے نورباغ ہلاکت کی مذمت کی ہے۔مولانا ہمدانی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی پر اُسی طرح گامزن ہے جس طرح اسرائیل نے فلسطین میں خون کا کھیلا جاری رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل مل کر اسلام دشمن کاررائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مہلوک نوجوان کے والدین کو صبر وجمیل عطا کرنے کیلئے بھی دعا کی۔
 

ما حول درہم بر ہم کرنے کی کوشش: اکنامک الائنس

سرینگر//کشمیر اکنامک الائنس نے نور باغ سرینگر میں شہری ہلاکت کی مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ اس سے ریاست میں امن و امان کا ما حول درہم بر ہم ہو گا ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ شہری ہلاکتوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے ۔موصولہ بیان کے مطابق کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈارنے شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ وادی میں ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں اور ان کے مقامی شعبدہ بازوں کے مکروفریب کی قلعی ایسے واقعات سے کھل جاتی ہے، لیکن ان کی آنکھوں پر تعصب، جنون، غرور اور تکبر کی موٹی چادر چڑھی ہوئی ہے اور وہ جیتے جاگتے اور واضح حقائق سے جان بوجھ کر مجرمانہ چشم پوشی کرکے اپنی انا، ضد اور ہٹ دھرمی کو تسکین فراہم کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں، لیکن دیر سویر اُن کو اصل اور زمینی صورتحال کو تسلیم کئے بنا کوئی چارہ نہیں ہے اور جتنی جلد وہ یہ کارِ خیر انجام دیں گے، اُن کے لیے ہی نہیں پوری عالم انسانیت کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔