نیوز ڈیسک
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ ،پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوببہ مفتی اور اپنی پارٹی یوتھ صدر جنید متو نے منگل کو نگین حضرتبل جاکر آتشزدگان کی ڈھارس بندھائی اور اُن کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں برابر شریک ہے اوروہ متاثرین کی مدد کیلئے ہر ممکن کوشش کریںگے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے فوری اقدامات کریںاور متاثرین کی بھر پور مالی معاونت کے ساتھ ان کیلئے عارضی قیام و طعام کا بندوبست کریں ۔انہوں نے کہا کہ 2019سے مسلسل غیر یقینی اور لاک ڈائون کی وجہ سے ہائوس بوٹ طبقہ بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اور اب آگ کی اس ہولناک واردات نے انہیں تباہ کیاہے۔ عمر عبداللہ کے ہمراہ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد بھی تھے۔ادھر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے نگین جھیل کا دورہ کرنے کے دوران متاثرین سے ملاقات کی۔انہوں نے موجود حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ پھر سے اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل میڈیا کی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ نیوز چینلوں نے کزب بیانی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ نگین میں ہائوس بوٹ آتشزدگی کی واردات میں کچھ سیاح گرگئے جو کہ سراسر جھوٹ ہے جس کا مقصد صرف یہ ہے کہ کشمیر کی معیشت کو تباہ کرناہے۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہائوس بوٹ مالکان سیاحوں کو بچانے کے دوران زخمی بھی ہوگئے لیکن سیاحوں کو ہلکی سی چوٹ بھی آنے نہیں دی۔ ادھراپنی پارٹی لیڈران نے نگین جھیل میں بھیانک آتشزدگی واردات سے متاثرہ ہاؤس بوٹ مالکان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔لیڈرشپ نے انہیںیقین دلایا کہ متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر ایکس گریشیا ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے وہ یہ معاملہ ایل جی انتظامیہ کے ساتھ اُٹھائیں گے ۔پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی ہدایت پر میئر سرینگر اور اپنی پارٹی یوتھ صدر جنید عظیم متو نے نگین جھیل کا دورہ کیا اور وہاں پر سات ہاؤس بوٹس مالکان سے بات چیت کی جن کی ہاؤس بوٹس بھیانک آگ کی نظرہوگئے۔ انہوں نے متاثرین کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔جنید عظیم متو نے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔حضرت بل سرینگر سے اپنی پارٹی زونل اور بلاک عہدیداران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ اپنی پارٹی لیڈر شپ نے محکمہ سیاحت اور ایل سی ایم اے اتھارٹی سے بی ہدایت کی ہے کہ ہاؤس بوٹس کی تعمیر نو کیلئے متاثرین کی مدد کریں۔