نکہ منجہاڑی کے مقامی نالے پر رابطہ پل کی عدم دستیابی | نصف درجن دیہات کی آبادی متاثر والدین سکولی بچوں کو کندھوں پر اٹھا کر دریاپار کرانے پر مجبور

جاوید اقبال

مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے نکہ منجہاڑی علاقہ کے مقامی دریا پر رابطہ پل کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو کندھو ں پر اٹھا کر دریا پار کرنے پر مجبور ہیں جبکہ لوگوں نے بتایا کہ مقامی نالے پر پل کی عدم دستیابی کی وجہ سے برستاتی موسم میں بچوں کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں ۔بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند والدین نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ بارش کے دنوں میں روزانہ کی بنیادوں پر وہ اپنے بچوں کو دریا عبور کروانے کیلئے جانے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ مقام سے بڑی تعداد میں بچے دریاعبور کرکے سکول میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے جاتے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ سے کئی مرتبہ رجوع کیاگیا کہ دریا پر رابطہ پل تعمیر کیا جائے لیکن ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے بارشوں کے دوران مقامی لوگوں بالخصوص چھوٹے بچوں کی آمد ورفت متاثر ہوتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس پہاڑی علاقہ میں رابطہ پل نہ ہونے کی وجہ سے لگ بھگ نصب درجن کے قریب دیہات کی عوام متاثر ہو رہی ہے ۔ان علاقہ میں نکہ منجہاڑی اور کلر موڑھ کیساتھ ساتھ دیگر دیہات بھی شامل ہیں جن کے بچوں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو دریا پیدل عبور کرنا پڑتا ہے ۔گزشتہ دنوں سب ڈویژن میں ہوئی شدید بارش کے دوران والدین نے ذاتی طورپر بچوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر دریا عبور کروایا ۔والدین نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بچوں کے ہمراہ گھنٹوں انتظار کرنے اور دریا میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد اپنے بچوں کو لے کر گھر واپس آئے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ نکہ منجہاڑی نالے پر ایک پل تعمیر کروائیں تاکہ ان کے بچوں کو درپیش دقتیں کم ہو سکیں ۔