مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی پنچایت نکہ منجہاڑی اُپر میں گزشتہ 5ماہ سے پانی کی سپلائی بغیر کسی وجہ سے بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو گرمی کے موسم میں کئی گھنٹوں تک قدرتی چشموں پر پانی کیلئے اپنی اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آب رسانی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین بغیر کسی وجہ کے ڈیوٹی پر حاضری ہی نہیں ہوتے جس کی وجہ سے سپلائی سکیم ہی ٹھپ پڑی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کبھی مشینری کے ٹھیک نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہیں اور کبھی دیگر معاملا ت کو لے کر ڈیوٹی پر حاضری ہی نہیں ہوتے جس کی وجہ سے ان پوری واٹر سپلائی سکیم ہی کئی ماہ سے بند پڑی ہوئی ہے ۔سبکدوش لیکچر رشید مغل نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عوام کو اس مشکل وقت میں بھی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ سے رجوع کرنے کے بعد بھی کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین اور اعلیٰ آفیسران کی لاپرواہی اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے 3ہزار کی آبادی اس وقت متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نکہ منجہاڑی اپر پنچایت میں پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ عام لوگوں کو پریشانیاں کم ہو سکیں ۔
راجل گائوں میں 25دنوں سے پانی سپلائی بند
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے راجل گائوں میں گزشتہ 25دنوں سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہو چکی ہے جبکہ عام لوگوں کو پینے کیلئے صاف پانی کئی کلومیٹر دور سے لانا پڑرہا ہے ۔علاقہ کے معززین نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکلات کو یکسر نظر انداز کیا جارہاہے جبکہ پانی کی بحالی کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع بھی کیا گیا لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ جموں پونچھ شاہراہ پر آباد گائوں دو پنچایتوں میں تقسیم ہوا ہے جبکہ دونوں پنچایتوں میں محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سپلائی بند ہے جس کی وجہ سے کئی کنبہ جات مشکلات میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ آب رسانی کے لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ علاقہ میں پانی کی سپلائی بحال ہو سکے ۔