ملبورن/سربیا کے نوواک جوکووچ کا تنازعہ ختم ہونے کے اگلے دن پیر کے روز سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کی شروعات ہوگئی اور خطاب کے مضبوط دعویدار اسپین کے رافیل نڈال اور دفاعی چیمپئن جاپان کی ناؤمی اوساکا نے آسان جیت کے ساتھ دوسرے راونڈمیں داخلہ حاصل کرلیا جبکہ 2020 کی چیمپئن امریکہ کی صوفیہ کینن پہلے راونڈ میں شکست کھاکر باہر ہوگئیں۔ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپئن نڈال نے پہلے راؤنڈ میں امریکہ کے مارکوس گیرون کومسلسل سیٹوں میں 2-6، 4-6، 1-6 سے شکست دی۔ نڈال نے میچ کے بعد کہا کہ گزشتہ ہفتہ میرے لیے اہم تھا، میں نے تین میچ کھیلے اور تینوں جیت کر خطاب اپنے نام کیا۔ جیتنا ہمیشہ بہترین احساس ہوتا ہے ۔خواتین کے زمرے میں، جاپان کی اوساکا نے اپنے خطاب کا شاندار دفاع کرتے ہوئے کولمبیا کی کمیلا اوسوریو کومسلسل سیٹوں میں چھ۔تین ، چھ۔تین سے شکست دی۔ اوساکا نے دونوں گیم میں تین۔صفر اور تین۔ایک کی سبقت حاصل کرنے کے بعد مقابلے کو نمٹانے میں زیادہ وقت نہیں لگایا۔اوساکا دوسرے راونڈ میں مڈیسن برینگل سے مقابلہ ہوگا جنہیں ان کی حریف کھلاڑی یوکرین کی ڈائنا یاسٹریمسکا کے میچ سے ریٹائر ہونے سے دوسرے راونڈ میں جگہ مل گئی ہے ۔دریں اثنا، عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کی ایشلی بارٹی نے اپنے مہم کی شاندار شروعات کرتے ہوئے یوکرین کی کوالیفائر لیسیا سریینکو کو یک طرفہ انداز میں چھ-صفر، چھ-ایک سے شکست دی۔ امریکہ کی نوجوان کھلاڑی کوکو گاف پہلے ہی راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ چین کی وانگ کیانگ نے گاؤف شکست دی، جب کہ 2020 کی چیمپئن صوفیہ کینن کو امریکہ کی میڈیسن کیز نے سات-چھ (دو)، سات-پانچ سے ہرایا اور دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ (یواین آئی)