نچلی سطح پر جمہوریت کی بحالی کیلئے کوشاں: امت شاہ

 نئی دہلی //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ مودی سرکار جموں وکشمیر میں نچلی سطح پر جمہویت کی بحالی کیلئے سب کچھ کر رہی ہے ۔ امت شاہ نے بدھ کے روز جموں وکشمیر میں ضلعی ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات کے حالیہ اختتام کی تعریف کی اور کہا کہ مودی حکومت جموں وکشمیر میں نچلی سطح کی جمہوریت کی بحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں جموں وکشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی تاریخ میں پہلی بار ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں کی بھاری تعداد میں ووٹنگ عمل میں شرکت اس بات کی گواہی ہے کہ جموں وکشمیر میں بی جے پی حکومت نچلی سطح پر جمہوریت کی بحالی کیلئے سب کچھ کر رہی ہے ۔ انہوں نے سیکورٹی ایجنسیوں اور انتظامیہ کے افسران کا بھی جموں وکشمیر میں احسن طریقے سے انتخابات کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا ’’میں ضلعی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں بی جے پی کو واحد سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ووٹ دینے پر جموں و کشمیر کے اپنی بہنوں اور بھائیوں کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی جموں و کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کی طرف مستقل جدوجہد کرتی رہے گی‘‘۔