نٹرنگ تھیٹر کی سنڈے سیریز

 جموں//نٹرنگ کی سنڈے سیریز کے تحت معروف فلمی کمیڈین آئی ایس جوہر کے تحریر کردہ ہندی افسانہ ’پورب اور پچھم ‘ پر مبنی ڈرامہ پیش کیا گیا ۔ طنز و مزاح سے بھر پور اس کھیل سے وہاں موجود حاضرین لطف اندوز ہوئے۔اس کہانی میں مغربی اور مشرقی دنیا کے تضاد کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔ لال رام بھروسے اور اس کی اہلیہ توہم پرست جوڑا ہے جب کہ ان کے شادی شدہ بیٹے اور بیٹیاں جدید طرز زندگی گزار رہے ہیں۔ کہانی میں بتایا جاتا ہے کہ رام بھروسے ہر وقت جیوتشیوں اور نجومیوں سے گرے رہتے ہیں، وہ راشی پھل، ستاروں اور اعداد و شمار کے پیچ میں پھنسے رہتے ہیں۔ جیوتشیوں کی طرف سے پھنسائے گئے وہموں کی وجہ سے رام بھروسے بہت ہی وہمی ہو جاتا ہے ۔ ایک جیوتشی اسے وہم ڈالتا ہے کہ اس کی موت سفید رنگ کی کوئی چیز کھانے سے ہوگی تو وہ اپنے گھر میں سفید رنگ کی چیزوں کی آمد پر پابندی عائد کر دیتا ہے جس کی وجہ سے تما م اہل خانہ کی زندگی اجیرن ہو کر رہ جاتی ہے ۔ آخر میں رام بھروسے کا جیوتشی آکر انہیں بتاتا ہے کہ اس نے کسی اور کا زائچہ دیکھ لیا تھا جس کی وجہ سے اسے غلط معلومات فراہم کی گئیں۔ کھیل میں شوم سنگھ، رکشت اروڑہ، ذیشان حیدر اوروانشکا گپتا نے اہم کردار ادا کئے ۔ آفاق خان کی ہدایت کاری میں پیش کردہ اس ناٹک میں روشنیاں نیرج کانت، آواز سشانت سنگھ چاڑک اور کارڈی نیشن محمد یاسین کی تھی۔