گلمرگ//محکمہ جاتی فارموں کے فروغ اور مختلف زرعی سرگرمیوں کی جگہ جگہ جائزہ لینے کے لئے تقاریب کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پرنسپل سیکریٹری زرعی پیداوار اور بہبودی کسانان نوین کمار چودھری نے پوٹیٹو سیڈ ملٹی پلکیشن فارم گلمرگ کا دورہ کیا۔ پرنسپل سیکرٹری نے گلمرگ فارم کو سائنسی خطو ط پر فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ وادی میں نہ صرف آلو کے بیج کی ضرورت کو پورا کیا جاسکے بلکہ اِس اضافی بیج کو ملک کی دوسری ریاستوں کو بھی مہیا کیا جاسکے۔اُنہوںنے کہا کہ پوٹیٹو سیڈ ملٹی پلکیشن فارم محکمہ کا ایک اثاثہ ہے اور آلو کی کاشت میں عالمی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہیئے تاکہ اس طرح کے اعلیٰ بیجوں کی ملٹی پلکیشن فارم کا بہترین استعمال حاصل کیا جاسکے۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ زرعی زمینوں کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کے لئے جدید نظریات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیئے جس کے لئے تمام جدید اِقدامات اُٹھائے جائیں۔ اُنہوں نے فارموں میں کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں پر زوریا کہ وہ عزم اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریںتاکہ مثبت اور ٹھوس نتائج حاصل ہوسکے۔دورے کے دوران پرنسپل سیکرٹری نے آلو کی کاشت کے لئے پورے گلمرگ فارم کو استعمال کرنے کی ہدایت دی اور رواں سال کے لئے اعلیٰ معیار کے آلو کے 2500 بیجوں کا ہدف مقرر کیا ۔اُنہوںنے اَفسران اور تکنیکی عملہ پر زور دیا کہ وہ اسے ایک چیلنج کے طور پر لیںاور اس سے نمٹنے کے لئے کوششیں کریں۔اِس سے قبل ناظم زراعت چودھری محمد اقبال نے فارم کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور پرنسپل سیکرٹری کو فارم میں جاری مختلف سرگرمیوںسے متعلق جانکاری دی۔پرنسپل سیکرٹری ہمراہ ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال ، پوٹیٹو ڈیولپمنٹ آفیسر کشمیر وحید الرحمان،فارم منیجر ایس ایم فارم گلمرگ اور محکمہ دیگر متعلقہ اَفسران تھے۔