نوین چودھری نے سانبہ میں سیڈ پروسیسنگ یونٹ کا افتتاح کیا

سانبہ // پرنسپل سیکرٹری زراعت پیداوار اور بہبودِ کساناں نوین کمارچودھری نے سڈکو صنعتی کمپلیکس سانبہ میں جموں ڈویژن کے کسانوں کی طرف سے تصدیق شدہ بیجوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کی کوشش کے طور پر 4 ٹن فی گھنٹہ ( ٹی پی ایچ ) صلاحیت کیلئے بیج پروسیسنگ پلانٹ کا افتتاح کیا ۔ یہ یونٹ جموں و کشمیر میں نجی شعبے میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے۔ پرنسپل سیکرٹری نے اس موقع پر یہ اُمید ظاہر کی کہ اس بیج پروسیسنگ یونٹ کے افتتاح سے کسانوں کو روائتی فصل کی پیداوار سے بیج پیدا کرنے والے کاروبار میں منتقل کرنے کی ترغیب ملے گی جو یقینی طور پر کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے عمل میں آسانی پیدا کرے گا ۔ انہوں نے قریبی علاقے میں رجسٹرڈ بیج کاشتکاروں کو فروغ دینے پر زور دیا تا کہ اس یونٹ کا اصل فائدہ کاشتکاری برادری تک ہو ۔ پرنسپل سیکرٹری نے مزید ایسے بیج پروسیسنگ یونٹ کاشتکاروں کے مفادات کیلئے قائم کرنے پر زور دیا ۔ سانبہ میں بیج پروسیسنگ یونٹ جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے کاشتکاروں کیلئے کلسٹر کی بنیاد پر مصدقہ بیجوں کی پیداوار کے میدان میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گا ۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سانبہ انورادھا گپتا ، ڈائریکٹر زراعت جموں کے کے شرما ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر رام سیوک کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔