نوین چودھری نے جے کے ایچ پی ایم سی کے کام کاج کا جائیزہ لیا

سرینگر //پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار نوین کے چودھری نے جموں کشمیر ہارٹیکلچر پرڈیوس مارکیٹنگ کارپوریشن لمٹیڈ کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ ڈائریکٹر باغبانی کشمیر اور منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی میٹنگ میں موجود تھے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی نے کارپوریشن کی جانب سے ادارے کو فعال بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق ایک مفصل پرذنٹیشن پیش کی ۔ نوین چودھری نے منیجنگ ڈائریکٹر کو کارپوریشن کے تمام اثاثوں کی ایک مفصل رپورٹ مرتب کرنے کیلئے کہا تا کہ انہیں کارپوریشن کے مالی وسائل میں اضافہ کرنے کیلئے اُن کا بہتر استعمال کیا جا سکے ۔ انہوں نے کارپوریشن کی انتظامیہ کو جموں اور کشمیر خطوں میں دو سی اے سٹور قائم کرنے کیلئے کہا ۔ صوبہ کشمیر میں سی اے سٹور کے قیام کیلئے وتر گام علاقے کی تجویز پیش کی گئی کیونکہ وادی کے شمالی حصے میں چند ہی سی اے سٹورز دستیاب ہیں اور چونکہ کارپوریشن خطے میں چند لینڈ بنکس کی بھی ملکیت رکھتی ہے ۔ اسی طرح جموں صوبے میں کارپوریشن فروٹ منڈی نروال جموں میں کولڈ سٹور قائم کرے گی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کو سیب اور سبزی فصلوں کیلئے پیکجنگ یونٹ کے قیام کے امکانات کو تلاش کرنے کیلئے کہا ۔ جے کے ایچ پی ایم سی کا دواب گاہ سوپور میں ایک ایپل یوس پلانٹ بھی ہے یہاں سی گریڈ سیبوں کو استعمال میں لایا جاتا ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ سال کے دیگر مہینوں میں اس پلانٹ کو دیگر میوہ جات اور سبزیوں کی پروسیسنگ کیلئے استعمال میں لایا جا سکتا ہے تا کہ پلانٹ سال بھر کام کرتا رہے اور کارپوریشن کی آمدن میں بھی اضافہ ہو سکے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے منیجنگ ڈائریکٹر کو جموں کشمیر یو ٹی کے دونوں خطوں میں مویشیوں کے چارہ، شہد اور جیم پروسیسنگ یونٹ قائم کرنے کیلئے کہا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جے کے ایچ پی ایم سی کیلئے 106 کروڑ روپے کی مالیت کے قرضہ حصص کی ادلا بدلی کا کابینہ نے پہلے ہی فیصلہ لیا ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے منیجنگ ڈائریکٹر کو سرکاری فیصلے کے تحت کارپوریشن کے حصص سرکار کے حق میں جاری کرنے کیلئے کہا تا کہ کارپوریشن قرضہ سے آزاد ہو سکے اور مالی اداروں سے اپنے منصوبوں کی عمل آوری کیلئے قرضہ حاصل کر سکے ۔ میٹنگ کے آخیر میں پرنسپل سیکرٹری نے منیجنگ ڈایکٹر جے کے ایچ پی ایم سی کو اگلے ماہ کارپوریشن کی بورڈ میٹنگ طلب کرنے کیلئے لازمی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔