بھونیشور//بیجو جنتا دل(بی جے ڈی)کے سربراہ نوین پٹنائک نے بدھ کو یہاں ایگزیبیشن گراؤنڈ میں مسلسل پانچویں مرتبہ اڈیشہ کے وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اڈیشہ کی سیاسی تاریخ میں ایک ریکارڈ بنا لیا ہے ۔ گورنر پروفیسر گنیشی لال نے ایک خصوصی تقریب میں مسٹر پٹنائک کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔حلف دلانے کی یہ تقریب پہلی بار راج بھون سے باہر آئی ڈی سی او ایل ایگزیبیشن گراؤنڈ میں منعقد کی گئی۔ مسٹر پٹنائک کے وزیراعلی کا حلف لینے کے بعد حکومت کے 11وزرائے کابینہ اور نو ریاستی وزرا نے بھی حلف لیا۔ وزیراعظم نریندرمودی نے اڈیشہ کے وزیراعلی کے طوپر پانچویں مرتبہ حلف لینے والے مسٹر پٹنائک کو مبارکباد دی۔ مسٹر مودی نے ٹویٹ میں لکھا،‘‘نوین پٹنائک جی کو اڈیشہ کے وزیراعلی کے طورپر حلف لینے پر مبارکباد۔لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے میں انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد۔میں اڈیشہ کی ترقی کے لئے مرکزسے پورا تعاون دینے کی یقین دہانی کرتا ہوں۔’’ یہاں ایگزیبیشن گراؤنڈ میں حلف برداری کی تقریب کے دوران مشہور مصنفہ اور مسٹر پٹنائک کی بہن گیتا مہتا بھی موجود رہیں۔مسٹر پٹنائک کے ساتھ ان کے 20وزیروں نے بھی حلف لیا۔انہوں نے اڈیشہ میں مسلسل پانچویں مرتبہ وزیراعلی بنے رہنے کا ریکارڈ بنایا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے نو وزرا نے آج حلف لیا جس میں سے آٹھ نئے چہرے ہیں جبکہ گزشتہ حکومت کا ایک وزیر اس میں شامل ہے ۔مسٹر پٹنائک اور وزیرکابینہ مسٹر گنیش پرتاپ سوائیں نے انگریزی میں حلف لیا،وزیر کابینہ سداما مرانڈی نے سنتھالی زبان میں حلف لیا اور باقی وزیروں نے اڈیا زبان میں حلف لیاتھا۔ مسٹر پٹنائک نے حلف برداری کی تقریب میں مسٹر مودی،اڈیشہ کے سبھی ارکان پارلیمنٹ،سبھی ارکان اسمبلی کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے سینئر لیڈروں اور صنعت کاروں کو مدعو کیا تھا۔
نوین پٹنائک پانچویں مرتبہ وزیراعلی بنے
