نوشہرہ کے بگنوئی گائوں میں سڑک کی خراب حالت کیخلاف احتجاج

نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے گائوں بگنوئی کی رابطہ سڑک کی خستہ حالی کیخلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مذکورہ سڑک کو دریا کے کنارے لگائے گئے ایک کریشر کیلئے استعمال کیا جارہاہے جس کی وجہ سے ہر گزرتے روز سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو تی جارہی ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ کریشر کیلئے سڑک کو استعمال کر نے اور سڑک کنارے ریت اور بجری کے ڈھیر جمع کرنے کے عمل کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔مقامی سرپنچ نے بتایا کہ بگنوئی مارکیٹ سے ایک سڑک گائوں کی طرف بنائی گئی تھی جس کو گزشتہ بیس برسوں سے مقامی لوگ استعمال کر رہے تھے تاہم دریا کے کنارے ایک کریشر لگا دیا گیا جس کے بعد مذکورہ سڑک پر ٹپر ودیگر ڈمپر وغیرہ چلائے جارہے ہیں جن کی وجہ سے سڑک کی حالت خستہ ہو تی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کریشر والوں کو چاہیے کہ وہ اپنی سڑک نکالیں تاکہ رابطہ سڑک کی حالت خراب نہ ہو ۔اس دوران پولیس نے موقعہ پر جا کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ کریشر والوں سے مذکورہ معاملہ پر بات کرینگے جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا ۔