نوشہرہ میں پی ایچ ای ایمپلائز یونین کا احتجاج

نوشہرہ//سب ڈویژن نوشہرہ میں پی ایچ ای ایمپلائز یونین نے اپنی مانگوں کو لے کر ریاستی انتظامیہ اور محکمہ کی اعلیٰ قیادت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ میں کام کر رہے عارضی ملازمین کی جانب سے ایک لمبے عرصہ سے مستقلی کی مانگ کی جارہی ہے لیکن ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں کے باوجود بھی عارضی بنیادوں پر کام کرنے والوں کو مستقل نہیں کیا گیا ۔پی ایچ ای ایمپلائز یونین نوشہرہ کے صدر چین کمارنے ریاستی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ریاست میں محکمہ پی ایچ ای کا کام کاج عارضی ملازمین کی جانب سے کیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ملازمین کی مستقلی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی مانگوں کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے ۔مظاہرین نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر ملازمین کی مانگوں کو جلداز جلد پورا نہیں کیا گیا تو پانی کی سپلائی بند کر کے احتجاج کیا جائے گا ۔