نوشہرہ میں مختلف محکموں کی سڑکیں خراب ہوکر تالابوں میں تبدیل عام لوگوں کیساتھ ساتھ ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ،انتظامیہ خاموش

رمیش کیسر

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں رابطہ سڑکیں آہستہ آہستہ خراب ہو کر کھڈوں اور تالابوں میں تبدیل ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ ڈرائیور طبقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ گریف اور پی ڈبلیو ڈی کیساتھ ساتھ دیگر محکموں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے سڑکوں کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاگیا ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ سب ڈویژن میں گریف اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے بنائی گئی بیشتر سڑکیں برسات کے ان دنوں میں تالاب کی شکل اختیار کر لیتی ہیں جس کی وجہ سے ڈرائیوں کو مذکورہ تالاب عبور کرنے کے دوران مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔ڈرائیوروں نے بتایا کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ان کو کھڈوں کا کوئی اندازہ نہیں رہتا جس کی وجہ سے گاڑیاں بالخصوص موٹر سائیکل ود یگر دو پہیہ گاڑیاں اُلٹ جاتی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی برسوں سے متعلقہ ایجنسیوں کی جانب سے رابطہ سڑکوں کا کوئی دھیان ہی نہیں رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے اب ان سڑکوں پر پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سندر بنی سے نوشہرہ تک محکمہ گریف کی سڑکیں خراب ہو کر کھڈوں میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں جبکہ دیگر علاقوں میں محکمہ پی ڈبلیوڈی اور پی ایم جی ایس وائی کا حال بھی بے حال ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کیساتھ ساتھ لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ وہ رابطہ سڑکوں کی مرمت کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کریں تاکہ عام لوگوں کو پیش آرہی دقتیں کم ہو سکیں ۔