نوشہرہ میں جل شکتی کے عارضی ملازمین کا احتجاج جاری

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر اپنی ہڑتال مسلسل جاری رکھی ہوئی ہے ۔احتجاج کررہے ملازمین نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی ماہ سے عارضی ملازمین کو تنخواہ ہی نہیں دی گئی جبکہ ان کی مستقلی کا بھی ابھی تک کوئی معقول حل نہیں نکالا گیا ہے ۔اس دوران کانگریس سنیئر لیڈر رجندر پرشاد شرما نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مظاہرین میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ کانگریس پارٹی عارضی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے بھاجپا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے عارضی ملازمین کا نہ تو تنخواہ کا معاملہ حل کیا ہے اور نہ ہی ان کی مستقلی کا کوئی پلان تاحال مرتب کیا گیا ۔ شرما نے بتایا کہ مزدوروں کو خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے کیونکہ حکومت ان کی اجرت جاری کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یومیہ اجرت والے ملازمین کی تنخواہیں نامعلوم وجوہات کی بنا پر مہینوں روک دی جاتی ہیں جس سے تمام ملازمین بے روزگار ہو جاتے ہیں۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عارضی ملازمین کی مانگوں کو ترجیح بنیادوں پر پورا کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔