نوشہرہ سیکٹر میں فائرنگ کا تبادلہ

نوشہرہ//حد متارکہ پر ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں کے درمیان گولہ باری کے تبادلہ میں ایک نوجوان زخمی ہو گیا ۔ تازہ فائرنگ کے نتیجہ میں کئی سرحدی دیہات کے مکینوں نے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ پچھلے قریب ڈیڑھ ماہ سے دو ہزار سے زائد افراد نوشہرہ میں قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں میں پناہ گزیں ہیں۔ گولہ باری میں تین گائیں ہلاک اور ایک دیگر شدید طور پر زخمی ہو گئی ہیں۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی صبح 5بجے کے قریب حد متارکہ پرواقع کلسیاں میں پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کی درگا اور ارجن چوکیوں پر 120ایم ایم اور 80ایم ایم مارٹر شیلوں سے گولہ باری کی جس کے نتیجہ میں 63آر آر کا جوان منوج تیواڑی زخمی ہو گیا۔ مارٹر کے گولے گینہیا گاﺅں میں بھی آن پڑے جس سے اندر پرکاش ولد ساﺅن مل کی تین گائیںہلاک جب کہ ایک زخمی ہو گئی ہے ۔ گولہ باری کا یہ سلسلہ شام پونے چار بھے تک جاری رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے گینہیا، کلسیاں، سیرہ، سیر، مکڑی، پنج کڈالی اور بابا کھوڑی کے رہائشی علاقوں میں بھی گولہ باری کی جس کا بھارتی فوج کی جانب سے بھی بھر پور جواب دیا گیا۔ اس دوران قریب 20کنبہ جات نے اپنا گھر بار چھوڑ کر ریلیف کیمپوں میں پناہ لی ہے ۔