نوشہرہ حد متارکہ پر 131دنوں کی خاموشی ٹوٹی

راجوری //راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں 131دنوں کی خاموشی کے بعد ملی ٹینٹوں اور فوج کے مابین گولہ باری کے تبادلے سے خاموشی ٹوٹ گئی ہے جبکہ مذکورہ سرحدی علاقوں کی حالیہ دنوں میں دراندزی کی کئی کوششیں کی گئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ دونوں ممالک کے مابین رواں برس 26فروری کو ڈی جی ایم او سطحی بات چیت کے بعد حدمتارکہ پر سیز فائر معاہدے پر عمل کرنے پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد سرحدی علاقوں میں لوگوں نے چین کی سانس لی تھی تاہم حالیہ دنوں میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے حد متارکہ سے در اندزی کی لگاتار دو کوششیں کی گئی ہیں جسکی وجہ سے کچھ حد تک حد متارکہ کے علاقوں میں صورتحال پیچیدہ ہو ئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے منگل کے روز کچھ افراد کو اسلحہ سمیت حد متارکہ کے قریب دیکھا گیا جبکہ اس سلسلہ میں فوج کی جانب سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی جوکہ نو دنوں تک جاری رہی اور آخر میں فوج او ر ملی ٹینٹوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ ایک اہم واقعہ نوشہرہ سب ڈویژن کے کلال علاقہ میں رونماہوا جہاں پر بھاری اسلحہ کیساتھ ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ نے دراندزی کی کوشش کی جبکہ فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا اور اس کے قبضہ سے اسلحہ برآمد بھی کرلیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ نوشہرہ کے کلا ل سیکٹر میں ملی ٹینٹوں کیساتھ ہوئی فائرنگ کی وجہ سے دو فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ حد متارکہ پر مذکورہ نوعیت کے واقعات سے سیکورٹی انتظامات مزید سخت کرنے میں مدد ملے گی ۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ واقعا ت کے بعد سرحدی ضلع راجوری او ر پونچھ کے سرحدی علاقہ میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں ۔
 
 

دراندزی کی کوشش ناکام بنانا بڑی کامیابی : کمانڈنگ آفیسر 

سمت بھارگو 
راجوری //فوج کی جانب سے نوشہرہ کے سرحدی علاقہ میں گزشتہ دونوں دراندزی کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا گیا جبکہ اس دوران ہوئی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ بھی ہلاک ہو گیا تھا تاہم فوج کی جانب سے شروع کر دہ تلاشی مہم دوسرے دن بھی جاری رہی ۔فوج نے بتایا کہ دراندزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے انہوں نے ’اشونی گیپ‘کلال میں شروع کردہ تلاشی مہم کو جاری رکھ ہوا ہے ۔فوج کے کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل راجیو پوری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کی صبح ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ نے دراندزی کرنے کی کوشش کی تاہم مستعد فوجی اہلکاروں نے مذکورہ کوشش کو ناکام بنادیا ۔انہوں نے ملی ٹینٹوں کی کوشش کو ناکام بنانے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہاکہ فائرنگ میں ہلاک ہوئے ملی ٹینٹ کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کے قبضہ سے ساز و سامان اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کلال سیکٹر میں شروع کردہ تلاشی مہم دوسری روز بھی جاری رہی ۔انہوں نے بتایا کہ فوج کی جانب سے پورے علاقہ کا محاصرہ کیا گیا ہے جبکہ بڑے پیمانے پر تلاشی کی جارہی ہے ۔