نوشہرہ جھنگڑ کیلئے ایس آر ٹی سی بس سروس چلانے کا مطالبہ

رمیش کیسر

نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی دیہات میں رہائش پذیر لوگوں نے جموں وکشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کے سرحدی دیہات کیلئے جموں سے خصوصی (ایس آر ٹی سی )اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی خصوصی بس سروس چلائی جائے تاکہ عام لوگوں کو آمد ورفت کے دوران بہتر سہولیت مل سکے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر حکومت کی جانب سے 1970میں مذکورہ علاقہ کیلئے اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس سروس شروع کی گئی تھی جو کہ 2007تک چلتی رہی لیکن نا معلوم وجوہات کی بنیاد پر مذکورہ بس سروس کو بعد کردیا ہے جس کی وجہ سے نوشہرہ کے جھنگڑ و دیگر ملحقہ علاقوں کے مسافروں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی سروس نہ ہونے کی وجہ سے اب عام لوگوں کو نجی بسوں و دیگر مسافر گاڑیوں میں سفرکرنا پڑرہا ہے جبکہ اس دوران عام لوگوں سے اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے ۔ پرشوتم لال، شیام لال شرما، ونود کمار والی گگن کمار وغیرہ نے بتایا کہ ریاستی ٹرانسپورٹ کی بس سروس بند ہونے کے بعد سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی پریشانیاں بڑھتی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جھنگڑ علاقہ کیلئے جموں سے اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس سروس شروع کی جائے تاکہ حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی پریشانیاں ختم ہو سکیں ۔