نوشہرہ اور پونچھ میں آرپار گولہ باری

راجوری+نوشہرہ//راجوری اور پونچھ اضلاع میں حدمتارکہ پرہندپاک افواج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکارہلاک اور دوخواتین اورایک اہلکار زخمی ہوگیا۔راجوری ضلع کے لام نوشہرہ سیکٹر میں حدمتارکہ پر فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے فوج کا ایک حوالدار ہلاک ہوگیاجبکہ ایک اہلکار زخمی ہواہے۔فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہفتے کے روز پاکستانی فوج نے راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حدمتارکہ پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ۔بیان کے مطابق ’’ہماری فوج نے دشمن کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا‘‘۔فائرنگ اور گولہ باری کے تبادلے میں حدمتارکہ پر تعینات پاٹل سنگرام شیواجی نامی حوالدارشدید زخمی ہواجس نے بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔فوج نے مہلوک حوالدار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا’’پاٹل سنگرام شیواجی ایک بہادر، انتہائی حوصلہ مند اور ایک مخلص سپاہی تھے، قوم ان کی اعلیٰ قربانی اور فرائض کے لئے ہمیشہ مقروض رہے گی‘‘۔مہلوک کا تعلق  مہاراشٹرا کے کولہا پور ضلع سے تھا۔عہدیداروں نے مزید کہا کہ ہفتہ کی صبح لام کے علاقے میں حدمتارکہ پر فائرنگ کے اس واقعہ میں نائیک کے عہدے کا ایک اور فوجی جوان زخمی ہوگیا جو آرمی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایل او سی پر ہفتہ کی صبح فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کے بعد دن میں خاموشی رہی اور ہفتہ کی شام پھر سے دوبارہ سے یہی سلسلہ شروع ہوا جوآخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔ادھرسرحد ی ضلع پونچھ میں بھی ہندوپاک افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہواہے جس کے نتیجہ میں 2خواتین زخمی ہوگئیں ۔دونوں کو ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں ان کا علاج کیاجارہاہے ۔سینئر سپرنٹنڈانٹ پولیس پونچھ رمیش انگرل نے بتایا کہ ہفتے کی شام پونچھ سیکٹر کے علاقے دیگوار میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی اور گولہ باری سے دو خواتین زخمی ہوگئیں۔ایس ایس پی نے بتایاکہ سکینہ بی (40) اہلیہ ناظم دین ساکنہ بگیالدرہ کو گولی لگی ہے جبکہ منشا بی (18)دختر شمس دین ساکنہ بگیالدرہ کے پیروں میں زخم آئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں زخمی خواتین کو پونچھ کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور وہ زیر علاج ہیں جبکہ حدمتارکہ پر فائرنگ کے ساتھ ساتھ گولہ باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔