نوشہرہ اور ملحقہ علاقوںکے لوگ بدبو سے پریشان

 سرینگر //لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لاوڈا) کی مجرمانہ خاموشی اور غفلت شعاری کے خلاف نوشہرہ میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔بدھ کونالہ بل،نوشہرہ،گلہ کدل،زونی مر،زڈی بل،ناید ڈوری اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جھیل ڈل سے آنچار جھیل تک گزرنے والی گلہ سر اور خوشحال سر میں پندرہ سالوں سے صفائی اور غیر قانونی طور پر قبضہ نہ ہٹانے کی وجہ سے ان علاقوں میں رہائش پذیر افراد بدبو اور غلاظت سے پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خوشحال سر کوڑے دان میں تبدیل ہوگئی ہے جس میں فضلہ، گندگی،مردہ جانور بہتے رہتے ہیں جسکی وجہ پانی کا رنگ بھی تبدیل ہوگیا ہے اورساتھ ہی پانی میں بدبو پھیلی رہتی ہے جس سے مہلک بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔احتجاج میں شامل زونی مر کے شوکت احمد نامی شہری نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ  لاوڈا کی غفلت شعاری اور لاپرواہی کی بدولت خوشحال سر کی حالت انتہائی خراب ہے۔انہوں نے کہاکہ کچھ سال قبل اس کا پانی استعمال کیا جاتا تھا اور اعلی اقسام کی مچھلیاں اس میں پائی جاتی تھیںاوراس وقت نوبت یہ ہے کہ کچھ ماہ قبل ہم نے پرائیویٹ لیبارٹری میں پانی کے نمونے کا ٹیسٹ کروایا جس سے یہ انکشاف ہوا کہ اس پانی سے مہلک بیماریاں پیدا ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرینگر ضلع انتظامیہ سے لیکر سیاسی جماعتوں تک اس کے لیے فریاد کی لیکن کوئی کارروائی نہیں  ہوئی اورمجبوراً ہمیں احتجاج کرنا پڑا۔