نوشہرہ اور صورہ کی رابطہ اور ذیلی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل | لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا

سرینگر//نوشہرہ اور صورہ کی بیشتر اندرونی رابطہ اور ذیلی سڑکیں جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں جس کے نتیجے میں لوگوںکو عبور و مرور میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مذکورہ علاقوں کے لوگوں کاکہنا ہے کہ نوشہرہ،صورہ، اونتہ بھون کی اندرونی اور ذیلی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہیں جبکہ مین ہول بھی ٹوٹ چکے ہیں جن میں گاڑیاں اور موٹرسائیکل سوار افراد کو مشکلات پیش آتی ہیں ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ بارشیں ہونے پر ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑکوں پر عبور و مرور میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ سڑکوں پر بڑے بڑے کھڈوں میں گرکرزخمی ہونے کا بھی احتمال رہتا ہے۔نوشہرہ کے ایک مقامی شہری بلال احمد زرگر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ چند سال قبل مذکورہ سڑکوں کے نیچے سے گزرنی والی ڈرینج سسٹم کے تحت سڑکوں کی کھدائی کی گئی تھی اور پھر ان پر نہ ہی میکڈم بچھایا گیا اور نہ ہی مرمت کی گئی جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے.رواں سال ہم نے اگرچہ کئی بار حکام کو ان اندرونی رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی اور مرمت کے بارے میں آگاہ کیا تھا لیکن حکام لیت لعل سے کام لے رہے ہیں اب جبکہ سردیوں کا موسم شروع ہوگیا ہے پتہ نہیں کتنے افراد ان سڑکوں پر گرکر زخمی ہونگے ۔