نورباغ سوپورمیں تیندوے کی موجودگی سے خوف ہراس

غلام محمد
سوپور//نورباغ سوپور میں گزشتہ تین روز سے ایک تیندوے کی موجودگی نے لوگوں میں خوف وہراس پھیلایا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق تیندوے کی موجودگی سے وہ گھر سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں اورخاص کر سورج غروب ہونے کے بعد اُن کی معمول کی سرگرمیاں مفلوج ہوئی ہیں۔ایک شہری نے اس نمائندے کو بتایا کہ انہوں نے اپنے اہلخانہ کو گھر کی چار دیواری تک محدود کیا اوروہ نمازفجراورمغرب وعشاء مسجد میں جاکر اداکرنے سے گریز کررہے ہیں اور ان کے بچے سہمے ہوئے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ نے تیندوے کو پکڑنے کیلئے کوئی قدم نہیں اُٹھایا ہے ۔لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بارے میں فوری طور کارروائی کرکے تیندوے کو پکڑے۔اس دوران محکمہ جنگلی حیات سوپور کاکہنا ہے کہ انہوں نے تیندوے کو پکڑنے کیلئے ٹیم کوبھیجا ہے اوروہ جمعہ صبح سے کام پر لگے ہیں۔