سرینگر//جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ فورسز کی جانب سے شوپیان میں پُرامن عوام پر گولیاں چلاکر معصوم نوجوانوں کوجاں بحق کرنے اور دیگر درجن بھر لوگوں کو بری طرح زخمی کرنے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں تنظیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ فورسز کشمیریوں کی پرامن آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے آئے روز یہاں معصوموں کا خون بہارہی ہے حالانکہ کشمیری عوام اپنے بنیادی اور پیدائشی حق کی بازیابی کا مطالبہ کررہے ہیں جو ہر حیثیت سے حقیقت پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ شوپیان میں پُرامن عوام پر گولیوں کی برسات کرنے اور نہتے عوام کوجاں بحق کرنے جیسی کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارتی فورسز اب یہاں اُٹھنے والی ہر آواز کو بزور قوت دبانا چاہتی ہیں اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت یہاں کی نوجوان نسل کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہے ۔جماعت اسلامی نے جاں بحق ہوئے غمزدہ خاندانوں سے یکجہتی کا بھر پور اظہار کرتے ہوئے دیگر زخمی ہوئے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ نیز تمام انصاف پسند اقوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے آئیں اور اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرکے بھارت پر دباﺅ برھائیں تاکہ وہ کشمیری عوام کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرے۔
نوجوان نسل کو صفحہ ہستی سے ہٹانے کا منصوبہ:جماعت اسلامی
