نوجوان نئی مہارتوں کوسیکھیں اور انوویشن کی طاقت کا مظاہرہ کریں:مودی

نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے نوجوانوں سے بدھ کو اپیل کی کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ ہنر اور مہارت بھی سیکھیں اور کووڈ کے بعد دنیا کے سامنے ہندوستان کی انوویشن کی طاقت کو پیش کریں۔مسٹر مودی نے یوم عالمی مہارت کے موقع پر وزارت اسکل ڈیولپمنٹ اور کاروباری کے ذریعہ ایک ڈیجیٹل کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے یہ اپیل کی۔اسی دن پانچ برس پہلے اسکل انڈیا مشن کی ابتدا ہوئی تھی۔ وزیر اسکل ڈیولپمنٹ وکاروباری ڈاکٹرمہندر ناتھ پانڈے ، اسکل ڈیولپمنٹ اور کاروباری کی وزیر مملکت آر کے سنگھ اور لارسن اینڈ ٹوبرو لمٹیڈ کے گروپ چیئرمین اے ایم نائک نے بھی اس کانفرنس سے خطاب کیا۔ لاکھوں کی تعداد میں زیرتربیت کے نیٹورک سمیت سبھی فریقوں نے اس کانفرنس میں حصہ لیا۔وزیراعظم نے نوجوانوں سے نئی نئی مہارت سیکھنے اور ہنر کو بہتر بنانے کی اپیل کی جس سے وہ تیزی سے بدلتے کاروباری ماحول اور بازار کی صورتحال میں مسلسل اس کا حصہ بنے رہ سکیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ملک کے نوجوانوں کو مبارک باد دی اورکہا کہ یہ دنیا صحیح معنوں میں نوجوانوں کی ہے کیونکہ ان میں ہمیشہ نئے نئے ہنر سیکھنے کی صلاحیت ہوتی ہے ۔وزیراعظم نے بتایا کہ ‘‘21 ویں صدی کے نوجوانوں کی اگر سب سے بڑی طاقت ہے تو وہ ان کا ہنر ہے ، ان میں ہنر سیکھنے کی صلاحیت ہے ۔ کورونا کے اس بحران نے دنیاوی ثقافت کے ساتھ ہی کام کاج کے طور طریقے کو بھی بدل کے رکھ دیا ہے اور بدلتی ہوئی مسلسل نئی تکنیک نے بھی اس پر اثر ڈالاہے ۔ نئی عالمی ثقافت اورنئے کام کرنے کے طوروطریقوں کو دیکھتے ہوئے ہمارے نوجوان نئی نئی مہارت کو تیزی سے اپنارہے ہیں۔’’انہوں نے کہاکہ آج کے دور میں کاروبار اور بازار اتنی تیزی سے بدلتے ہیں کہ اس میں قائم رہنے کے لئے ہنرمند ہونا اوربھی اہم ہوگیا ہے ۔(یوین آئی)