نوجوانوں کی گرفتاریوں کی تازہ لہر تشویشناک:حریت ع

سرینگر//حریت (ع) نے طاقت کے بل پر کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں کی تازہ لہر پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں بھی پُر امن عزاداروںپر طاقت کااستعمال اور پُر تشدد کارروائیاں نہ صرف حد درجہ افسوسناک ہے بلکہ انتہائی قابل مذمت ہے۔بیان میں بڈگام میں جلوس عزا پر ٹیئر گیس شلنگ ، ہوائی فائرنگ اور ضلع بڈگام اور ضلع سرینگر میں جلوس میں شامل نوجوانوں پر مقدمہ درج کرنے، بٹہ مالو اور لالچوک کے ملحقہ علاقہ جات میں گرفتاریوں سرینگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں سخت بندشوں اور قدغنوں اور پابندیوں کیخلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس طرح کی کارروائیوں کو جمہوریت کے مسلمہ اصولوںکی بیخ کنی قرار دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ طاقت اور تشدد پر مبنی کارروائیوں سے عوام خاص طور پر نوجوانوں کے جذبات اور احساست کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔حریت(ع)نے واضح کیا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے خطہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کے ساتھ ساتھ مسلسل طاقت اور قوت کے بل پر کشمیریوں کے جذبات اور احساسات کو دبانے کا عمل جاری ہے جو بین الاقوامی حقوق البشر کی مستند تنظیموں اور عالمی برادری کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حریت(ع) نے یہ بات بار بار کہی ہے کہ حکومت کی جانب سے یکطرفہ اقدامات اور جموںوکشمیر کے عوام کے حقوق کو سلب کرنے کی کارروائیاں ناقابل قبول ہے اور اس طرح کے اقدامات سے دیرینہ مسئلہ کشمیر کی حیثیت اور ہیئت کو متاثر نہیں کیا جاسکتا۔حریت (ع)نے یہ بات زور دیکر کہی کہ نہ صرف تازہ گرفتاریوں بلکہ اس سے قبل بھی خانہ و تھانہ نظر بند رکھے گئے قائدین ،سیاسی کارکنوں،کشمیر اور کشمیر سے باہر بھارت کے مختلف جیلوں میں مقید رکھے گئے سیاسی رہنمائوں ، سول سوسائٹی کے افراد ، معزز شہریوںاور نوجوانوں کو بلا مشروط رہا کیا جائے۔
 
 
 

شہدائے کربلاؑ کو خراج عقیدت

سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا ؑکو گلہائے عقیدت پیش کیاہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست سیدحمید اللہ حقانی نے کہا کہ امام عالی مقام حضرت امام حسین (ع) اور انکے ساتھیوں ؑنے کسی ذاتی غرض، عداوت یا ہوس اقتدار کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیوں کا نذرانہ پیش نہیںکیا بلکہ حق و صداقت، عدل و انصاف کیلئے قربانیاں دیں۔ انہوں  نے کہا کہ شہدائے کربلا باطل اور ظالم و جابر قوتوں کے خلاف حق اور عدل و انصاف کی خاطر نبردآزما ہونے والوں کیلئے تا قیامت بلا کسی امتیاز کے مشعل راہ ہے۔