نوجوانوں او رخواتین کو بااختیار بنانا ترجیح:چیف سیکریٹری قوم کسی بھی عالمی طاقت سے پیچھے رہنے کی متحمل نہیں ہوسکتی

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموںوکشمیر کے نوجوانوں اور خواتین کو بااِختیار بنانے کے سلسلے میں 77 ویں یوم آزادی کے موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی طرف سے کئے گئے وعدوں کی پیروی کرتے ہوئے محکموں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ان دونوں مقاصد کو صحیح معنوں میں پورا کرنے کے لئے اپنے منصوبے مرتب کریں۔چیف سیکرٹری نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ جموںوکشمیر کے ہر نوجوان کو یہ اعتماد دیاجائے کہ ان کی زندگی میں ان کے لئے نئے مواقع اِمکانات کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین پر مشتمل ہماری نصف آبادی کو ہمہ جہت بااِختیار بنانے اور معاشی ترقی کے حوالے سے ایل جی کے ایک اورعزم کے مطابق ہر ایک محکمے کو مقررہ وقت پر پابند طریقے سے اسے حاصل کرنے کے لیے اختراعی آئیڈیاز کے ساتھ آنے کا مرکز بنانا چاہئے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ جب قوم اَپنا 77واں یوم آزادی منارہی ہے تو اس تصور کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہوجاتی ہے کیونکہ قوم کسی بھی عالمی طاقت سے پیچھے رہنے کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہا کہ قوم کا ماضی شاندار رہا ہے اور ہمارا مستقبل بھی اتنا ہی روشن ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین او رنوجوان دونوں ہی آبادی کا اہم حصہ ہیں جن کا ملک کو ترقی کی سیڑھی پر لے جانے میں اہم کردار ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اُنہیں اَپنی زندگی میں اَپنی مکمل صلاحیتوں کو حاصل کرنے کے لئے بااِختیار بنانے سے قوم کو ہر ممکن میدان میں سبقت حاصل کرنے کے لئے مثبت توانائی ملے گی۔چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر یوٹی کے ضلع ترقیاتی کمشنروں سمیت تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ اِس سلسلے میں ایکشن پلان بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان پر صحیح معنوں میں مقررہ وقت میںعمل درآمد کیا جائے۔انہوں نے مختصر ، وسط اور طویل مدتی اہداف طے کرنے پر زور دیا تاکہ ان منصوبوں کو وقت مقررہ مکمل کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر گزشتہ چند برسوں سے ہر ایک ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے ، خواہ کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ وہ اِس تاریخی دِن سے ہی پہل کرنا شروع کریں تاکہ اس کام کو پورا کرنے میں بھی کامیابی ہوسکے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ پُر اُمید ہیں کہ اسی ہم آہنگی اور اِجتماعی کوششوں سے یہ دونوں مقاصد جلد حاصل ہوں گے ۔