نوجوانوںکو سرکاری سکیموںسے فائدہ اٹھانے کی تلقین

جموں//وائس چیئرمین جموں و کشمیر این سی ایس ٹی و بی سی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈبلبیر رام رتن نے شہر جموں میں کارپوریشن کے قرضوں پر کام کر رہے سمال انکم جنریشن یونٹوں کا اچانک دورہ کیا۔کارپوریشن ڈویژنل منیجر غلام قادر کھٹانہ،ضلع منیجر جوگندر پال اتری اور فیلڈ سپر وائیزر جتیندر سنگھ بھی اس دورے کے دوران بلبیر رام رتن کے ہمراہ تھے۔وائس چیئرپرسن نے شہر جموں میں اپر گمٹ علاقہ کا دورہ کیا اور ایک شیڈیول کاسٹ بے روز گار نوجوان دیوراج کی جانب سے جوتے بنانے کی دوکان کا معائینہ کیا جبکہ پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک بے روز گار نوجوان ریش کمار نے موبائیل کے کام آنے والے سامان کا ایک یونٹ قائم کیا ہے۔وائس چیئرپرسن نے چلائے جا رہے ان دونوں یونٹوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور ان یونٹوں کے نوجوانوں سے کہا کہ وہ کارپوریشن کی جانب سے حاصل کئے گئے قرضے کی اقساطہ ماہانہ طور ہر باقاعدگی کے ساتھ جمع کراتے رہیں اور دیگر بے روزگار نوجوانوں کو بھی ان جانب راغب کریں تاکہ وہ بھی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی سکیموں سے بھرپور فائیدہ اٹھا کر باعزت روزگار کما سکیں۔