نوبرا میں عمر عبداللہ کی ریلی دفعہ35اےاور370کا دفاع، نیشنل کانفرنس پرعزم

نوبرا// آئین ہند کے دفعہ 35اے اور دفعہ370 کے دفاع سے کشمیری،ڈوگری اور لداخی تمدن اور زبانیں زندہ رہنے کا دعویٰ کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے انِ قوانین کاتحفظ یقینی بنانے کا عزم کیا ہے۔لداخ کے7روزہ دورے کے دوران نوبرا کے مختلف علاقوں میں  پارٹی کارکنوں اور جلسوں سے تقریر کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر نے کہا کہ انکی جماعت مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے ان اصولوں پر کاربند ہے،جس کے تحت انہوں نے ریاست کے تینوں خطوں کی مساوی ترقی یقینی بنانے کا بیڑہ اٹھایا تھا۔اس دوران پارٹی کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان مجوزہ بات چیت کی منسوخی کے تناظر میں دونوں ملکوں کے مابین لفاظی جنگ سے خطے میں امن کیلئے بڑا خطرہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے بھارت کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ لچکدار رویہ اختیار کر کے ہمسایہ ملک کے ساتھ بات چیت شروع کریں۔