نواکدل اور صورہ میں پتھرائواور ٹیر گیس شلنگ

 سرینگر//پلوامہ میں شہری ہلاکتوں کے خلاف سرینگر کے پائین علاقے میں اتوار کو معمولی سنگبازی کے واقعات رونما ہوئے۔ نواکدل میں نوجوانوں نے فورسز پر پتھرائو کیاجبکہ فورسز نے انکا پیچھا کیا۔اس دوران صورہ کے الہیٰ باغ گرین کالونی صورہ میں بعد دوپہر اس وقت لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جب سی آر پی ایف اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علاقے میں نمودار ہوکر مکانوں اور گاڑیوں کی شدید توڑ پھوڑ کی۔  علاقے میں فورسز اور نوجوانوں کے درمیان پُر تشدد جھڑپیں ہوئی جس دوران فورسز نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ کا استعمال کیا ۔عینی شاہدین کے مطابق جو نہی علاقے میں جھڑپیں ختم ہو ئی تو سی آر پی ایف اہلکاروں نے علاقے میں گھس کر اندھا دھند مکانوں کی تھوڑ پھوڑ کی اور شیشے چکنا چور کئے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سی آر پی ایف اہلکاروں نے گھروں میں گھس کر مکانوں کے شیشوں کی توڑ پھوڑ کی جبکہ مکینو ں کا بھی زد وکوب بھی کیا گیا ۔ اس دوران نوگام میں بھی پتھرائو ہوا۔