ننگالی کی پنچایت تکیہ میں پانی کی قلت

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے بلاک ننگالی صاحب سائیں بابا کے حلقہ پنچایت تکیہ شریف میں ماہ مبارک رمضان میں بھی قلت آب کا مسئلہ رہا جس پر عوام نے برہمی کا اظہار کیاہے۔ سرپنچ نجم الدین ڈار نے پینے کے پانی کے مسئلہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ کے ملازموں کی نااہلی اور ناسمجھی کی وجہ سے ان کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کی کوئی قلت نہیں لیکن محکمہ کے ملازموں کی وجہ سے لوگوں تک پانی نہیں پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں لاکھوں روپے خرچ کر کے لفٹ سسٹم لگایا گیا ہے لیکن وہ روزانہ خراب ہو جاتا کبھی موٹر جل جاتی ہے کبھی دوسری مشکل درپیش ہوتی ہے کیونکہ اس کی دیکھ ریکھ صحیح طریقے سے نہیں ہو رہی ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ماہ مبارک رمضان کے پورے مہینے میں انہیں صرف تین دن ہی پانی سپلائی ہوا۔ سرپنچ نے جلد از جلد ان کے علاقہ میں پانی کی قلت اور دیگر مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر موجود دیگر لوگوں نے بھی مایوسی کا اظہار کیا۔لوگوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے بجلی اور پانی کے لگاتار بل بھیجے جاتے ہیں لیکن نہ تو پانی ہی دستیاب ہو رہا ہے نہ ہی بجلی کی معقول فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے حلقہ پنچایت تکیی شریف میں پانی اور بجلی کی قلت کو ختم کر کے لوگوں کو تھوڑی راحت پہنچانے کا مطالبہ کیا۔