نمچہ بل فتح کدل آگ کی واردات | 2رہایشی مکانات اور گودام خاکستر

سرینگر// نمچہ بل فتح کدل میں بدھ کی شام آگ کی ایک واردات میں 2مکانات اور ایک بڑا گودام خاکستر ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ نمچہ بل فتح کدل میں بدھ کی شام ساڑھے 7بجے ایک گودام سے آگ نمودار ہوئی جس نے آنا فانا پورے گودام اور نزدیکی مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ محلہ گنجان آبادی والا ہے اور یہاں رہائشی مکانوں کی چھتیں ایکدوسرے سے ملتی ہیں ،جسکی وجہ سے آگ تیزی کے ساتھ پھیل گئی۔۔اس موقعہ پریہاں ہوکاعالم بپاہوااوربڑی تعدادمیں لوگ جمع ہوئے ،جنہوں نے آگ پرقابوپانے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے۔اس دوران فائراینڈایمرجنسی سروسزکے اہلکار یہاں پہنچ گئے اورانہوںنے آگ بجھانے کی کارروائی عمل میں لائی۔علاقہ میں رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ عورتیں آہ فغان اور چیخ وپکار کرتی ہوئی نظر آئیں جبکہ مرد فائر سروس کے عملے کی مدد کرتے ہوئے نظر آئے۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ سے ایک گودام جس میں قالین ،پلاسٹک کی چیزیں اور خشک میوہ جات تھے ،کے علاوہ2رہایشی مکانات خاکستر ہوئے ۔ انہوںآگ پر قابو پانے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں بشمول محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈکوارٹر سے 12گاڑیاں اور9 فائرانجن روانہ کئے گئے تھے ۔ آگ کی اس ہولناک واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔آگ کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہیں جبکہ آگ سے ہوئے نقسان کا تحمینہ لگانے کیلئے پولیس نے کیس درج کیا ہے ۔ادھر مقامی لوگوں نے بتایا کہا کہ آگ کی اس واردات میںکرڑوں روپے مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔انہوں نے آگ سے متاثر کنبوں کی فوری طور پر باز آباد کاری کا مطالبہ کیا۔ادھر بمنہ میں پولیس پبلک سکول کے نزدیک پولیس کوارٹروں میں ایک کواٹر کے کچن میں آگ لگی جس کی وجہ سے کچن کو نقصان پہنچا ۔