گاندربل // ضلع بڈگام میں بھتہ خوری کے ایک کیس کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن کے قبضے سے نقلی بندوق اورنقدی برآمد کی گئی۔ پولیس کو اس سال 23 اگست کو روات پورہ کھاگ کے ایک شہری توصیف احمد کی طرف سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ اسے اور اس کے پڑوسی ثاقب کو کچھ نقاب پوش افراد نے روکا، انہیں ہتھیار دکھا کر مارا پیٹا ، جبکہ بٹ سے 1لاکھ50ہزار روپے کی نقد رقم چھین لی گئی۔ شکایت موصول ہونے کے بعد کیس درج کیا گیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی۔، ایک مشتبہ شخص، جس کی شناخت فیروز احمد وانی ساکن پیٹھ زانیگام کو پوچھ تاچھ کے لیے بلایا گیا، جس نے سارا دھندہ بے نقاب کیا۔تفتیش کے دوران آصف احمد آہنگر ولد عبدالغنی ساکن بون زانی گام اور بلال احمد ملک ولد علی محمد ساکن پیٹھ زانیگام کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ نقلی ہتھیاروں کا استعمال کرکے اندھیرا ہونے کے ساتھ ہی لوگوں کو لوٹنے کی وارداتیں انجام دیتے ہیں۔جرم کے دوران استعمال ہونے والے نقلی ہتھیاروں کو بھی پولیس نے ملزم آصف کے باغ میں بنائے گئے شیڈ سے برآمد کئے گئے ۔یہ نقلی ہتھیارعبدالمومن شاہ ولد عبدالرشید ساکن پیٹھ زانیگام نامی ایک لوہار نے بنائے تھے جس کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔پولیس نے ایک نقلی اے کے 47 رائفل، 33,300روپے نقدی برآمد کیے۔