نفسا کے بعد راشن کی کوئی قلت نہیں :ذوالفقار

 راجوری//خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ پیر پنجال کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں 10ایل پی جی بوٹیلنگ پلانٹ اور تیل ڈیپوئوں کے قیام کا منصوبہ ہے جس کے لئے انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو اراضی کی نشاندہی کرنے کے لئے کہا۔ ایک جائزہ میٹنگ میں بولتے ہوئے وزیر نے کہا کہ این ایف ایس اے کی عمل آوری کے بعد راشن کی کوئی قلت نہیں ہے اور تقسیم کاری کے نظام کو مستحکم کرنے کے لئے ضلع اور تحاصیل سطح پر نگرانی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔انہیں بتایا گیا کہ این ایف ایس اے کے تحت 633389نفوس راجوری میں استفادہ کر رہے ہیں اور مفتی محمدسید فوڈ انٹائٹلمنٹ سکیم کے تحت مستفیدین کی تعداد 5 لاکھ تک پہنچ گئی ہے ۔ وزیر نے ہر حال میں صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو آدھار لنک کرنے کا عمل 10دِن میں مکمل کرنے کے احکامات دئیے اور اگر ایس آر ٹی سی معقول تعداد میں غذائی اجناس اٹھانے کے لئے گاڑیاں فراہم نہیں کرپاتا تو نجی گاڑیوں کی خدمات حاصل کی جاسکیں۔وزیر نے کالا بازاری کو روکنے پر زور دیا۔ تیل خاکی کے ضائع ہونے کی رپورٹوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے اس حوالے سے کمیٹیاں تشکیل دینے کے احکامات دئیے ۔وزیر نے عید الفطر کے پیش نظر با زاروں کی لگاتار چیکنگ کرنے کے احکامات دئیے تاکہ گراں فروشی نہ ہونے پائے ۔وزیر نے ڈپٹی کمشنروں کو محکمہ اطلاعات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے تفصیلی رِپورٹ پیش کرنے کے احکامات دئیے۔