نعیم اختر کی خانہ نظر بندی ختم

سرینگر // پی ڈی پی کے سینئر لیڈر نعیم اختر کو ایک ماہ بعد خانہ نظر بندی سے رہا کیا گیا۔ واضح رہے کہ پی ڈی پی لیڈر نعیم اختر کو 5اگست 2019کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لا کر نظر بند رکھا گیاتھا۔ انہیں جون  2020میں 10ماہ کے بعد رہا کیا گیاتھا  لیکن 5ماہ بعد دسمبر 2020کے مہینے میں انہیں دوبارہ گرفتار کر کے ایم ایل اے ہوسٹل سرینگر میں بند کیا گیا۔5ماہ یہاں نظر بند رکھنے کے بعد انہیں 10مئی 2021کو چھوڑ دیا گیا لیکن گھر سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اب ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد انہیں خانہ نظر بندی سے بھی آزاد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل پارٹی کے ایک اور سینئر لیڈر سرتاج مدنی کو بھی چھوڑ دیا گیا ہے۔