نعیم اختر کا سرحدی علاقوں کا دورہ

 
 جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے انڈو پاک سرحد پر واقع زورا گاؤں کا دورہ کیا اور وہاں کراس فائیرنگ کے نتیجہ میں جائیداد، مال مویشیوں اور انسانی جانوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔ارکان اسمبلی یاور دلاور میر، اعجاز احمد میر اور یاسر ریشی بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔اس سے قبل وزیر نے چکروئی کیمپ کا دورہ کیا جہاں بارڈر شیلنگ کے نتیجہ میں متاثرہ لوگوں کو حکومت کی جانب سے رہایشی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے اس موقعہ پر راشن، ایل پی جی اور دیگر اشیاء ضروریہ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ اس غیر انسانی اور بزدلانہ حرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس طرح دونوں ممالک کو نقصان اُٹھانا پڑتا ہے اور سرحدوں پر رہنے والے لوگوں کو بھاری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تعمیر و ترقی کو یقینی بنانے کے لئے امن کا راستہ اپنانا ہوگا۔متاثرہ لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے بچوں کی تعلیم کو جاری رکھنے کے لئے ریلیف کیمپوں میں تعلیم سے متعلق متبادل انتظامات کئے جائیں گے۔نعیم اختر نے آر ایس پورہ میں آئی ٹی آئی کا دورہ کیا جہاں ان متاثرین کے لئے ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے۔ایس ای ،پی ڈبلیو ڈی، ایس ڈی پی او، آر ایس پورہ، تحصیلدار آر ایس پورہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی دورے کے دوران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔