الوداع اےماہِ رمضان الوداع
تقویٰ و ایمان کی جان الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
ساتھ میں تیرے تھیں آئیں رحمتیں
اے حسیں انعامِ رحمان الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
زندگی تجھ سے جو رونق بار ہے
اب یہ ہو جائے گی سنسان الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
تیس دن کا اک مہینہ ہوکے اے
سال بھر کے شاہ و سلطان الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
دیکھ تو رخصت پہ تیری کس قدر
اہلِ ایماں ہیں پریشان الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
برکتیں ہی برکتیں تھیں تیرے ساتھ
قاسمِ فیضانِ قرآن الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
جا مگر تیرا رہے گا انتظار
اے مرے پاکیزہ مہمان الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
تیرے دم سے جو بہت آباد ہے
ہوگی کل یہ بزم ویران الوداع
الوداع اے ماہِ رمضان الوداع
ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادتگنج، بارہ بنکی،یوپی
نعتِ رسولﷺ
مرے آقا ترے جیسا، نہیں کوئی نہیں کوئی
زِ عالم در بنی حوّا، نہیں کوئی نہیں کوئی
اگر کھوجے کوئی ہمسر، تلاشے کس طرح تیرا
کہ بن سایہ ہوا پیدا، نہیں کوئی نہیں کوئی
مچے گی دھوم محشر میں، انا لہا کی نوازش سے
ترے جیسا شفیع آقا، نہیں کوئی نہیں کوئی
تجھے پیدا جو حق نے کیا، عیاں خلقِ مجسّم کیا
ترا ثانی اے جانِ جاں، نہیں کوئی نہیں کوئی
وسیلہ تم ہی آدم کے، ہو اور ختمِ رسل بھی تم
ترے جیسا امر شاہا، نہیں کوئی نہیں کوئی
نہیں لوٹا کوئی سائل ہے مفلس تیرے صدقے سے
کہا دانی ترے جیسا، نہیں کوئی نہیں کوئی
مرے آقا مرے مولا، مرے آغا مرے خواجہ
سوا تیرے عادلؔ کی چاہ ،نہیں کوئی نہیں کوئی
عادلؔ حُسین
طلب علم، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی
[email protected]
نعتِ پاک
میرے دل کی ہر خوشی ہے آپؐ سے
یعنی میری زندگی ہے آپ ؐسے
جس سے مُجھ پر منکشف ہر راز ہے
مُجھ کو حاصل آگہی ہے آپ ؐسے
میرے دل سے دور ہیں رنج و الم
میرے ہونٹوں پر ہنسی ہے آپ ؐسے
میرے لب پر تذکرہ ہے آپ کا
لو فقط آقا لگی ہے آپ ؐسے
میری نظروں میں عیاں ہر چیز ہے
دُور تک اک روشنی ہے آپ ؐ سے
روبینہ میر
راجوری، جموں کشمیر
لیلۃ القدر ہے
رب سے بخشش کرا لیلة القدر ہے
بھیک لے لے گدا لیلة القدر ہے
عرش سے فرش تک نور ہی نور ہے
خوشبو ہے جابجا لیلة القدر ہے
چند دن کا یہ رمضان مہمان ہے
روٹھے رب کو منا لیلة القدر ہے
ذکرِ خلدِ بریں سُنتے سُنتے ذرا
اپنی نظریں جھکا لیلة القدر ہے
چاہتا ہے اگر اپنے رب کی رضا
کرلے تو رت جگا لیلة القدر ہے
دیکھو دیکھو وہ بابِ اجابت کھلا
اَبر چھانے لگا لیلة القدر ہے
’’خیرُ مِّن الفِ شہر ‘‘ آج کی رات ہے
ہے سلامِ خدا لیلة القدر ہے
بغض، کینہ، حسد دور ہو جائیگا
مل کے رہئے سدا لیلة القدر ہے
مومنو! جائیزہ لے لو اعمال کا
بابِ رحمت کھلا لیلة القدر ہے
آج تیار رہ اے سعیدِؔ حزیں
پڑھ کے صلِّ علیٰ لیلة القدر ہے
سعید قادری
مظفرپوربہار،موبائل نمبر؛ 9262934249