یا رحمۃ اللعالمینﷺ
ہم جو ہیں رحمت بداماں رحمتہ اللعالمیں
آپ کا یہ سب ہے احساں رحمتہ اللعالمیں
بہرِ محشر آپ کی چشمِ عنایت کے سوا
کچھ نہیں ہے ساز و ساماں رحمتہ اللعالمیں
آپ کی آمد سے روشن ہوگئی بزمِ جہاں
ہر سو ہے جشنِ چراغاں رحمتہ اللعالمیں
آپ ہی نے دین و ایماں کی عطا کیں دولتیں
آپ پر یہ جان قرباں رحمتہ اللعالمیں
بخشوا لیں گے خدا سے ہم گنہگاروں کو آپ
ہم سبھی کا ہے یہ ایماں رحمتہ اللعالمیں
اللہ اللہ آپ کی پرواز و رفعت دیکھ کر
ہو گئے جبریل حیراں رحمتہ اللعالمیں
شرحِ آیاتِ مبیں ہے آپ کی اک اک ادا
اے امانت دارِ قرآں رحمتہ اللعالمیں
کیجئے اپنے ذکی طارقؔ پہ چشمِ التفات
یہ بہت ہی ہے پریشاں رحمتہ اللعالمیں
ذکی طارقؔ بارہ بنکوی
سعادت گنج،بارہ بنکی،یوپی
نعتِ مصطفیٰؐ
ابتدا سے ہے جو ، مصطفیٰ ؐآپ ہیں
خاتِمُ الْاَنْبِیاء، انتہا آپ ہیں
آپ سب سے حسیں، آپ سب سے سخا
مہ لقا اور دستِ سخا آپ ہیں
خود فصاحت ، بلاغت کے محور بنے
علم کے شہر کا راستہ آپ ہیں
ساری امت کو ان پر بہت ناز ہے
امتی کی صدا مصطفیٰؐ آپ ہیں
اس جہاں ، اس جہاں کی حقیقت یہی
دو جہاں کا نشان و پتا آپ ہیں
سَیَّدُ الْانْبِیاؐ ، رہبرِ دینِ حق
دینِ اسلام کے پیشوا آپ ہیں
ہیں شَفِیعَ الوَریٰؐ ، ناز اُمت کرے
روزِ محشر کا اِک آسرا آپ ہیں
آپ اول بھی ہیں ، آپ ہی آخری
ابتدا ، انتہا ، مجتبیٰ آپ ہیں
آپ نورِ خدا ، سب کو شاہدؔ پتا
نورِ حق سے جڑا سلسلہ آپ ہیں
علی شاہدؔ دلکش
کوچ بہار گورنمنٹ انجینئرنگ کالج
ضلع کوچ بہار ، مغربی بنگال ، انڈیا
آمدِ مصطفیٰؐ
فلک گونج اٹھا ہے اللہ اکبر
وہ آئے محمد فضا ہے معطر
بجھے سب اندھیرے ہیں چھائے اُجالے
نکلا وہ سورج منوّر۔۔ منوّر
پھولوں کے چہروں پہ آیا تبسم
بلبل کے لب پر بھی ہے زکرِ داور
نسیمِ سحر نے جو کھولی ہیں آنکھیں
دُھلا ہر اک لمحہ اختر ہی اختر
کلیوں نے اپنی نئ مانگ بھر لی
ہرسُو ہے خوشبو معطر معطر
پیرہن تیرگی کا ہوا چاک سارا
ارض و سماں ہے منور منور
وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا
عرب و عجم کا ہے وہ ماہِ انور
روز مباہل جو تھے ساتھ ان کے
عظمت ہے اُن کی بہتر سے بہتر
ہے نور اُن کا سراپا سراپا
حسن و حسین ‘ زہرا و حیدر
قصیدے جو لیکر ہیں آئے فرشتے
زمانہ ہوا ہے نچھاور نچھاور
ساقیؔ غلامیٔ غلاماں کرو تم
یہاں بھی وہاں بھی رہوگے منوّر
امداد ساقیؔ
سرینگر، کشمیر،موبائل نمبر؛9419000643
نعت شریف
مثلِ قرآن تھی سیرت اُن کی
رشکِ مہتاب تھی صورت اُن کی
خود پہ آفات ہیں ڈھائی ہم نے
بھول بیٹھے جو نصیحت اُن کی
سیکھ آدابِ محبت پہلے
پھرجگا دل میں محبت اُن کی
میرےہردکھ کی دواہیں مدنی
کام آئے گی شفاعت اُن کی
ورفعنا لک ذکرک ہیں وہ
کی بیاں رب نے فضیلت اُن کی
ہے مزا تب کہ جبیںؔ جنت میں
ہم کو مل جائے رفاقت اُن کی
جبیںؔ نازاں
لکشمی نگر ‘ نئی دہلی
نعت اقدس ﷺ
شہِ مدینہ کا نور لے کر قمر فلک پر چمک رہا ہے
قسم خدا کی انھیں کے دم سے ہر ایک تارہ دمک رہا ہے
جہاں گلوں پر نثار ہونے چمن میں آئے ہیں آج بھنورے
وہ دیکھو بلبل بھی شاخِ گل پر بفرطِ مستی چہک رہا ہے
تمہاری نظروں میں تاب ہے تو بصد محبت بغور دیکھو
ہمارے دل کے بھی آئینے میں نبی کا جلوہ جھلک رہا ہے
تمہاری فرقت میں شاہِ بطحا نہ جانے کتنی ہیں آنکھیں پُرنم
چلے بھی آؤ گلے لگاؤ کہ سارا عالم سسک رہا ہے
جہاں میں چھائی تھی سخت ظلمت کہ لوگ کرتے تھے قتل و غارت
مگر ظہورِ محمدیﷺ سے یہ سارا عالم دمک رہا ہے
بروزِ محشر نبی سے اپنے کہیں گے عاصی مچل مچل کر
دل اپنا خوفِ خدا سے آقا لرز رہا ہے دھڑک رہا ہے
انھیں کی رنگت گلاب میں ہے انھیں سے روشن ہے بزمِ ہستی
انھیں سے کلیاں چٹک رہی ہیں انھیں سے گلشن مہک رہا ہے
اَزل سے جس کے خبیث دل میں بھرا ہوا ہے عنادِ آقا
سنے گا کیسے نبی کی مدحت وہ دیکھو شیطاں بھڑک رہا ہے
جہاں کے پھولوں کا تذکرہ کیا جناں کے گل میں ہے جن کی خوشبو
انھیں کے گیسوئے مشک بُو سے مشام عالمِ مہک رہا ہے
کبھی کسی کا بُرا نہ چاہا جو اسکا ظاہر ہے وہ ہے باطن
نہ سمجھا اپنا یہی سبب ہے سعیدؔ تجھکو کھٹک رہا ہے
سعیدؔ قادری
صاحبگنج مظفرپور بہار
موبائل نمبر؛9199533834
ثناء ِرسالتِ مآب محمدِ مصطفیٰ ؐ
میں ثناء کروں تو میں کیا کروں جو ثناء خدا کرے
ممکن نہیں کہ بیان کروں جو ثناء خدا کرے
ہوسکے قلم لکھے اگر تھوڑی بہت ثناء
وہ تو پھر حقیر کو ملی زہراؑ کی ہے عطا
جو نہ تھا کوئی جہان میں وہ نبیؐ کا نُور تھا
تھا وہاں جو لا مکان میں وہ نبیؐ کا نور تھا
نہ زمین و آسمان تھا نہ کوئی مکین تھا
ہاں مگر وہ نُور تھا وہاں رِسالتؐ ماب کا
صلبِ آدم میں خدا نے رکھ دیا اُس نُور کو
اِس طرح دُنیا پر ظاہر کر دیا اُس نُورکو
اُن کی آمد سے جہاں میں تو اُجالا ہوگیا
ہٹ گئے ظُلمت کے سائے اور آتش بُجھ گیا
آپؐ کی سیرت نے قائل کردیئے جِن و بشر
آپؐ کے قدموں سے معطر ہوگئے ہیں خُشک و تر
آپ کی عظمت بیاں تو ہوگئی قرآن سے
ایسی عظمت جو بیاں ہو ممکن نہیں اِنسان سے
حکیم مظفرؔ حسین
باغبان پورہ، لعل بازار سرینگر
موبائل نمبر؛9622171322