نعتیں

نعت رسولﷺ
عدو کے دلوں پر حکومت کرو
سیاست کو آقا کی سنت کرو
بلاؤں نے آقا ہے گھیرا مجھے
نبیؐ جانِ رحمت ہو رحمت کرو
یقیناً مدینہ دکھائے گا رب
نبیؐ کے وسیلے سے منت کرو
خدارا دوعالم کے مختار سے
محبت محبت محبت کرو
سروں پر ہے مہرِ قیامت نبیؐ
شفیع الامم ہو شفاعت کرو
نبیؐ، تشنۂ کربلا کے طفیل
مجھے جامِ کوثر عنایت کرو
مجھے یادِ طیبہ میں ہے ڈوبنا
کرو واعظو ذکرِ جنت کرو
درود و سلام آپﷺ پر بھیج کر
حصولِ مفادات و برکت کرو
ذکیؔ ڈوب کر عشقِ سرکار میں
بچی زندگی خوب صورت کرو

ذکیؔ طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج، بارہ بنکی، یوپی

نعت
یہ خوش بختی ہے مہمانِ شہ لولاکؐ میں ہونا
کدورت دل سے کر کے دور شہرِ پاک میں ہونا

سنا ہے ان کی گلیوں سے گذر کر چین آتا ہے
یہاں جینا ہے اب لگتا خش و خاشاک میں ہونا

فضیلت دیکھئے نامِ محمد دل پہ جو لکھے
ہے طے پھر محترم اس شخص کا افلاک میں ہونا

وہ سادہ زندگی ان کے صحابہ نے جو اپنائی
سمجھتے فخر تھے پیوند کا پوشاک میں ہونا

بقائے دین کی خاطر سہا کیا کچھ نہیں عارضؔ
اور امت کے لئے پھر حالتِ غمناک میں ہونا

عارضؔ ارشاد
نوہٹہ سرینگر
موبائل نمبر7006003386