نعتیں

نعت شریف
میرا نبّىؐ سب سے جدا سب سے عظیم ہے
اس کی ثناء میں پیش پیش ربِ کریم ہے
نورِ خدا سے جلوہ گر نورِ حضور ہے
میرے نبّیؐ کی شان ہی رؤف و رحیم ہے
قرآن کررہا ہے یہ اعلان جا بہ جا
احمد اور ان کی آل سے راضی رحیم ہے
پل میں نبّیؐ نے کرلیا معراج کا سفر
مشتاق ان کی دِید کا ربِ کریم ہے
ظُلمت کے سائے ہٹ گئے سارے جہان سے
روشن تیرے ہی نور سے عرشِ عظیم ہے
رحمت نبّئ ناز کی ہر سو بکھیرکر
یثرب سے لاکر آتی جو باد نسیم ہے
نعتِ نبّی لکھنا کہاں مظفرؔ کی بات ہے
لکھتا قلم جو چاہت ربِ کریم ہے

حکیم مظفرحسین مظفرؔ
باغبان پورہ لعل بازار سرینگر
موبائل نمبر؛9622171322

نعتِ رسولﷺ
مصطفی ؐکا حسنِ دوام اللہ اللہ
نور فشاں، وہ شیریں کلام اللہ اللہ
رحمت اللہ، خیرالانام اللہ اللہ
جانِ ایماں تم ہی سلام اللہ اللہ
زندگی کارن تیرے لولاک ہم بھی
تم سے دنیا کا ہے نظام اللہ اللہ
ہیں فرشتے چرچا سدا تیرا کرتے
بھیجتا خود بھی رب سلام اللہ اللہ
ہو رسول اللہ تم، حبیب اللہ تم ہی
اور نبیوں کے ہو امام اللہ اللہ
میں نے مانا لائق نہیں، جاناں لیکن
عا دلؔ کے رخ پر لکھ دیں غلام اللہ اللہ

عادلؔ حُسین
طلب علم، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی