نعتیں

نعت پاک
مغفرت ہم کو دلانے کو نبیؐ آئے ہیں
نارِ دوزخ سے بچانے کو نبیؐ آئے ہیں

ایک رب کے سوا معبود نہیں ہے کوئی
یہ بڑی بات بتانے کو نبیؐ آئے ہیں

جھوٹ کی بھول بھلیوں میں پھنسے تھے کب سے
راہِ حق ہم کو دکھانے کو نبیؐ آئے ہیں

شدتِ کفر سے مٹتے ہوئے اور مرتے ہوئے
میرے ایماں کو جِلانے کو نبیؐ آئے ہیں

دشمنِ جانی ہو بیگانہ ہو یا اپنا ہو
سب کو سینے سے لگانے کو نبیؐ آئے ہیں

بیٹیو جشن مناؤ کہ اجل کے بدلے
آپ کو زیست دلانے کو نبیؐ آئے ہیں

زندگی اپنی جو حیوان مماثل تھی، اُسے
ڈھنگ جینے کے سکھانے کو نبیؐ آئے ہیں

ہونٹوں کو دیتے ہوئے صلّے علیٰ کی برکت
ہم کو پاکیزہ بنانے کو نبیؐ آئے ہیں

ذکی طارق بارہ بنکوی
سعادت گنج، بارہ بنکی، یوپی
موبائل نمبر؛7007368108

نبی کے نظارےﷺ
نبیؐ کے مُقدس نامِ مبارک پہ قُربان جانے کو دل چاہتا ہے
فدائے محمدؐ، ندائے محمدؐ، یہ اعزاز پانے کو دل چاہتا ہے

تمنائے دل ہے ادب سے میں بھیجوں درودوں کی ڈالی صبح و شام اُنؐ پر
مگر دل سے اپنے یہ داغِ گناہ سب سے پہلے مٹانے کو جی چاہتا ہے

لگی پیاس شدتِ کی کارِ جہاں میں بپا وہ تمازت ہے چاروں طرف سے
یہی پیاس کوثر کے پانی سے اُس دن خود اپنی بُجھانے کو جی چاہتا ہے

جو حائیل ہو عشقِ محمدؐ میں کوئی تمنا حسیں تر یہاں اس جہاں میں
تمنائیں ساری وہ ہاتھوں سے اپنے یقیناً جلانے کو جی چاہتا ہے

وہ دربارِ نبویؐ کے روشن ستارےؓ، معنبر حسیں تر نبیؐ کے نظارے
نگاہوں میں اپنی مبارک نظارے ہمیشہ بسانے کو جی چاہتا ہے

یہ آنکھوں کی رونق، رگوں کا لہو سب، دھڑکتا ہوا دل یہ خونِ جگر بھی
رہِ مصطفیٰ ؐکی اک اک گلی میں نسب اپنا لُٹانے کو جی چاہتا ہے

لگے زخم ہیں جو گہرے سے گہرے یہ دُنیا ئے دوں کے بھیانک سفر میں
کسی روز اپنے وہ سارے کے سارے نبیؐ کو دکھانے کو جی چاہتا ہے

سلیقہ بخش دے میں پیارے نبیؐ کی کروں نعت گوئی قلب و جگر سے
یہی التجا ایک رو رو کے اپنے خدا کو سُنانے کو جی چاہتا ہے

طفیل شفیع
حیدر پورہ، سرینگر
موبائل نمبر؛6006081653