نظام پورہ کنگن کے لوگ نالاں | برنہ بگ میں لوگوں کااحتجاج

کنگن// برنہ بگ کنگن میں نظام پورہ کے لوگوں نے بجلی ٹرانسفارمر کے ایک ماہ کے دوران کئی بار خراب ہونے کے خلاف سڑک پردھرنا دے کر کئی گھنٹے تک ٹریفک کی نقل وحمل کومسدود کردیا۔احتجاجی مظاہرین کا کہناتھا کہ بجلی ٹرانسفارمر کے خراب ہونے کی وجہ سے نظام پورہ کی بستی گھپ اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہے ۔انہوں نے الزام لگا یا کہ علاقے میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی درہم برہم ہے اور ترسیلی لائینیں کھمبوں کے بجائے درختوں سے لٹکائی ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں ہروقت حادثات کا خطرہ رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خراب ٹرانسفارمر کو باربار مرمت کیلئے گاندربل کیلئے گاندربل ورکشاپ لیجایاجاتاہے لیکن ہر بار دوبارہ نصب کئے جانے کے بعد یہ ٹرانسفارمرکچھ ہی روزبعد پھر خراب ہوجاتاہے جو لوگوں کے لئے درد سر بن چکاہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے طلاب کو خاص طور سے مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔  احتجاجیوں میں شامل عبدالرشید میر نے بتایا کہ ایک طرف بجلی ٹرانسفارمر بار بار خراب ہوجانے سے لوگ پریشان ہیں، وہیں دوسری طرف ترسیلی نظام ابتر ہونے کی وجہ سے لوگ مزید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ گاندربل سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی ٹرانسفارمر کو مرمت کرکے نصب کرنے کے علاوہ یہاں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ کنگن پولیس کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ احتجاجی لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو بجلی کے افسران کے ساتھ اُٹھائیں گے ، جس کے بعد لوگوں نے پولیس کی یقین دہانی پر پرامن طور پر احتجاجی دھرنا ختم کیا۔