نشہ چھڑانے کی مہم کی کامیابی کیلئے نوجوانوں کی حصہ داری ضروری:کووند

 نئی دہلی//صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ نشہ چھڑانے کی مہم کی کامیابی کیلئے نوجوانوں کو سرگرمی سے حصہ لینا ضروری ہے ۔ مسٹر کووند نے بہار کے سابق وزیر اور ممبر پارلیمنٹ اشونی کمار چوبے کی قیادت میں ان سے ملنے آئے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر یہ بات کہی۔ صدر نے کہاکہ تمباکو کا استعمال ایک سنگین مسئلہ ہے ۔ نوجوانوں کو اس کے نقصانات کی معلومات ہونے کے باوجود وہ اس کا استعمال کر رہے ہیں۔ ایسی صورت میں اس کیلئے شہر سے لے کر ایک ایک گاؤں تک زیادہ موثر مہم چلانے کی ضرورت ہے اور اس مہم میں نوجوانوں کی سرگرم حصہ داری ضروری ہے ۔ مسٹر چوبے نے اس موقع پر صدر کو بتایا کہ 'سمبندھ ہیلتھ فاؤنڈیشن' (ایس ایچ ایف)کے ساتھ مل کر انہوں نے بہار میں نشہ چھڑانے کیلئے جامع مہم چلائی ہے اور اس کے کافی مثبت نتیجے سامنے آئے ہیں۔ بی جے پی ممبر پارلیمنٹ کے ساتھ وفد میں ایس ایچ ایف کی ڈائریکٹر آشیمہ سرین، وبھور نجھاون، ارول چوبے اور اپرمیت سنگھ شامل تھے ۔ اس موقع پر میکس اسپتال کے کینسر سرجن ڈاکٹر ہرت چترویدی اور فورٹس کے کینسر سرجن ڈاکٹر ویدانت کابرا نے صدر کو بتایا کہ کس طرح آج کل اسپتالوں میں روزانہ تمباکو سے ہونے والے منہ اور گلا کے کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔یو این آئی