’نشہ مکت بھارت ‘کے حوالے سے منڈی میں پروگرام منعقد

منڈی//پونچھ کی تحصیل منڈی میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے ’نشہ مکت بھارت ‘کے حوالے سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت بطور مہمانِ خصوصی شامل ہوئے جبکہ اس موقہ پر بی ڈی سی منڈی شمیم احمد گنائی ودیگران بھی پروگرام میں موجود تھے ۔اس دوران سنیئر لیکچررشبہ الحسن نے نشے کے نقصانات کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہر ایک مذہب میں ہر طرح کے نشہ کو ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت اس طرح سے کریں تاکہ وہ منشیات سے دور رہیں تاکہ سماج سے منشیات کا خاتمہ ہو سکے ۔انہوں نے کہاکہ منشیات کے استعمال سے پونچھ ضلع میں اس سے قبل کافی اموات ہوئی ہیں ۔اپنے خطاب میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین شمیم گنائی نے کہاکہ والدین کیساتھ ساتھ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ منشیات کے کار و بار میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں تاکہ اس لت کو سماج سے باہر نکالنے میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے سوشل ویلفیئر آفیسر کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل سوشل وویلفیئر آفیسر منڈی نے رواں برس میں چھ ہزار نادار اور غریب لوگوں کے نام پنشن لگوائی ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے اسی طرح کے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہاکہ کووڈ کی وجہ سے اس سے قبل عوامی پروگرام منعقد نہیں کئے جاسکے ہیں لیکن اب صورتحال میں بہتری کیساتھ ہی مذکورہ پروگراموں کو شروع کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ پنچایتی اراکین کو چاہئے کہ وہ منشیات سے متعلقہ سماج میں بیداری پیدا کریں تاکہ اس عوام دشمن چیز کو سماج سے باہر نکالنے میں مدد مل سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع پونچھ میں متعدد ترقیاتی کام ہو رہے ہیں جو ضلع کی عوام کیلئے آنے والے وقت میں سود مند ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ چنڈک منڈی سڑک پر کام جاری ہے جو بہت جلد پائیہ تکمیل تک پہنچے گا جبکہ ڈگری کالج منڈی کی تعمیر بھی بہت جلد شروع کی جائے گی۔ اس موقہ پر سرسوتی کلاکیندر نامی موسیقی ٹروپ نے موسیقی کے ذریعہ نشہ مکت بھارت پر نغمے پیش کر کے سامعین سے دادو تحسین حاصل کی۔