کرناہ//سرحدی تحصیل کرناہ میںپارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ اتوار کو بارہمولہ پارلیمانی نشست کیلئے نیشنل کانفرنس کے اُمید وار محمد اکبر لون نے ٹنگڈار ڈاک بنگلے میں بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ محمد اکبر لون نے کہا کہ سادھنا ٹنل کرناہ کے عوام کی زندگی بدل کر رکھ دے گا۔انہوں نے کہا ’’اگرچہ ٹنل کی تعمیر کیلئے مثبت اقدامات کئے گئے ہیں تاہم میں وعدہ کرتا ہوں کہ اگر آپ لوگ مجھے پارلیمنٹ تک پہنچنے کا موقع دیں گے تو ٹنل کی تعمیر کا کام میری اولین ترجیحات میں شامل ہوگا‘‘۔ محمد اکبر لون کے ہمراہ گوجر کمیونٹی کے سربراہ اورسابق ڈائریکٹر دور درشن سرینگر سلام الدین بجاڑہ کے علاوہ سابق ایم ایل سی رفیق شاہ بھی تھے۔ اُنہوں نے عوام سے گذارش کی کہ وہ اپنا ووٹ نیشنل کانفرنس کیلئے استعمال کر کے محمد اکبر لون کو کامیاب بنائیں۔ اس موقعہ پر سابق ایم ایل اے کرناہ کفیل الرحمان نے کہا کہ کرناہ میں نیشنل کانفرنس کی سرکار کی بدولت تمام دیہات کوسڑکوں سے جوڑ دیا گیا، ہر محلہ میں سکول کھولے گئے جبکہ کئی پل تعمیر کروائے۔