نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر، کرناہ میں احتجاج اور دھرنا

سرینگر // نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر کو لیکر ایک مرتبہ پھر کرناہ میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور مطالبہ کیا کہ اس خونین شاہراہ پر ٹنل تعمیر کی جائے ۔کرناہ ٹنل کوارڈی نیشن کمیٹی نے منگل کو کرناہ بند کی کال دی تھی ۔کال کی وجہ سے علاقے میں دکانیں، سکول اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا۔ برستی بارش کے باوجود مظاہرین نے جگہ جگہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی تھیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ تب تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک نہ سرکار ٹنل کے حوالے سے کوئی مثبت فیصلہ لے گی ۔کرناہ ٹنل کوارڈی نیشن کمیٹی کے صدر ولی احمد قریشی نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ کرناہ کپوارہ شاہراہ پر ٹنل کی تعمیر کا کام شروع کر کے لوگوں کی یہ دیرینہ مانگ پوری کی جائے ۔معلوم رہے کہ گذشتہ سال نستہ چھن گلی پر برفانی تودوں کی زد میں آکر ہلاک ہوئے 11افراد کی موت کے بعد سے اب تک لوگ نستہ چھن گلی پر ٹنل تعمیر کرنے کی مانگ کر رہے ہیں اوریہ مطالبہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ زور بھی پکڑتا جا رہا ہے۔