سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں ایک ماہ کی تاخیر کے ساتھ سنیچر کو منعقد کی گئی تقریب کے دوران اسوقت کھلبلی مچ گیا جب وہاں ایک سینئر نرس نے ’’ انصاف دو انصاف دو ‘‘ کے نعرے بلند کئے۔ سینئر نرس، اسپتال میں نرسوں کی ترقی، آپریشن تھیڑ میں نرسوں کی کمی اور تھری ٹائر سسٹم کے خلاف آواز اٹھانے پر معطل کی گئی 2نرسوں کی بحالی کا مطالبہ کررہی تھی۔ سکمز کی سینئر نرس شمیمہ غمگین نے تقریب کے دوران سٹیچ پر کھڑے ہوکر معطل شدہ نرسوں کی بحالی، نرسوں کی ترقی اور آپریشن تھیٹر میں نرسوں کی کمی کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ۔سینئر نرس کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں دل و جان سے مریضوں کی خدمت کرنے والی نرسوں نے پریس کالونی میں تھری ٹیر سسٹم کے خلاف احتجاج کرکے غلطی کی ہے تو انہیں کافی عرصہ تک معطل رکھ کر سزا دی گئی ہے اور اب انہیں بحال کیا جانا چاہئے۔ تاہم ڈائریکٹر سکمز صورہ ڈاکٹر اے جی آہنگر نے کہا کہ نرسوں کی ہڑتال اور احتجاج کے دوران ایک مریض کی جان گئی ہے اور اس مریض کو بھی انصاف ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تھری ٹیر کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو پہلے مریضوں کا ہی سوچنا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا سینئر نرس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کیلئے انصاف کی مانگ کرنے سے پہلے مریضوں کے ساتھ انصاف کی بھی بات کریں۔