نرسنگ ہوم پلوامہ میں خاتون کی موت | اہل خانہ نے لاپرواہی کا الزام عائد کیا آپریشن تھیٹر سیل،تحقیقات کا حکم

مشتاق الاسلام

پلوامہ//پلوامہ کے آری ہل کی 23 سالہ خاتون صبورہ ارشد کی موت کے بعد اس کے لواحقین نے نرسنگ ہوم کے عملے پر غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ۔ صبورہ کو ناک کی جراحی کیلئے محمدیہ نرسنگ ہوم میں داخل کیا گیا تھا، جہاں دوران جراحی ان کی موت واقع ہو گئی۔ اہل خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ زیادہ مقدار میں اینستھیزیا دینے کی وجہ سے صبورہ کی حالت خراب ہوئی۔اس دوران محکمہ صحت نے تحقیقات کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر یاسمین کانگوکی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی میں ڈاکٹر یاسمین کانگو کے علاوہ ضلع ہسپتال پلوامہ میں بطور انستھسیا اسسٹنٹ ڈاکٹرمسعوود رشید اور ایس ڈی ایچ کریری کے کنسلٹنٹ سرجرن ڈاکٹر عمران علی کو بطور ممبر تعینات کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو تحقیقات کرنے کے علاوہ سفارشات کے ساتھ ایک ہفتہ کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ادھر ضلع انتظامیہ پلوامہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحصیلدار پلوامہ کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے اس واقع کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے محمدیہ نرسنگ ہوم کے آپریشن تھیٹر کو فوری طور پر سیل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے تک آپریشن تھیٹر سیل رہے گا اور تحقیقات کی ویڈیو گرافی بھی کی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے کہا ہے کہ تحقیقات کے دوران تمام شواہد اور ریکارڈ محفوظ کیے جائیں گے۔نرسنگ ہوم کی انتظامیہ سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور مزید کارروائی کا انحصار تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر ہوگا۔